ڈبلن ٹیسٹ: آئرش بلے باز پاکستانی باﺅلرز کیخلاف مشکلات کا شکار

اتوار 13 مئی 2018 19:58

ڈبلن ٹیسٹ: آئرش بلے باز پاکستانی باﺅلرز کیخلاف مشکلات کا شکار
ڈبلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13مئی 2018ئ) آئرلینڈ میں تاریخی ٹیسٹ کے تیسرے روز چائے کے وقفے پر آئر لینڈ نے8وکٹیں کھو کر95رنز بنا لیے تھے ۔ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 268رنز 6وکٹوں کے نقصان پر اننگز دوبارہ شروع کی تو شاداب خان 55رنز بنا کر مرتاغ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ، ری پلیز میں گیند لیگ سٹمپ سے باہر جاتی دکھائی دے رہی تھی، قومی ٹیم کے آل راﺅنڈر فہیم اشرف سنچری کی جانب گامزن تھے جب 83رنز پر سٹورٹ تھامسن کی شاندار گیند نے ان کی اننگز کا اختتام کردیا،محمد عامر بھی 13رنز بنا کر مرتاغ کی گیند پر پوویلین لوٹ گئے ،310کے سکور پر پاکستان نے اننگز ڈکلیئر کردی، آئرش ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا اور محمد عباس نے پہلے ایڈ جوائس کو 4رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر بالبرائن کو بھی کسی سکور کے بغیر اسی طریقے سے پوویلین بھیجا، محمد عامر نے اگلے اوور میں آئرش کپتان ولیم پورٹ فیلڈ کو بولڈ کرکے پاکستان کو تیسری کامیابی دلائی ،نیل اوبرائن بغیر کوئی رن بنائے عباس کی گیندپر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ، پال سٹرلنگ17رنز بنا کر فہیم اشرف کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے،سٹورٹ تھامپسن کو 3رنز پر شاداب خان نے کلین بولڈ کیا اور 2گیندوں بعد ٹائیرون کین بھی بغیر کوئی رن بنائے شاداب کا شکا ر بنے ۔

(جاری ہے)

کیون اوبرائن 40رنز بنا کر محمد عالمر کی دوسری وکٹ بنے ،اس سے قبل میچ کے دوسرے روز پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا لیکن 13 کے مجموعی سکور پر اظہر علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق بھی ون ڈے ڈیبیو کی طرح بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے اور 13 ہی کے مجموعی سکور پر 7 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

دونوں ابتدائی بلے بازوں کے جلد آو¿ٹ ہونے کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق نے محتاط انداز سے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا لیکن کھانے کے وقفے کے بعد جلد ہی حارث سہیل 31 کے انفرادی سکور پر ہمت ہار گئے۔بابر اعظم بھی 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ اسد شفیق اپنی 19 ویں ٹیسٹ نصف سنچری بنانے کے بعد 62 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی باہر جاتی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ آﺅٹ ہو گئے، انہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

شاداب خان اور فہیم اشرف نے چائے کے وقفے تک آئرش باﺅلرز کو مزید کوئی وکٹ لینے نہ دی ، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ساتویں وکٹ کیلئے 109رنز کا اضافہ کیا تھا جب خراب روشنی کے باعث کھیل روک دیا گیا ، شاداب52اور فہیم61رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر آئرلینڈ کے کپتان پورٹر فیلڈ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آج بہت بڑا دن ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تایخی ٹیسٹ کا حصہ بننا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم پانچ باﺅلرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ امام الحق اور فہیم اشرف کے لیے بھی اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، جنہیں پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ گذشتہ روز آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کا پہلا روز بارش کی نذر ہوگیا تھا اور ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 مئی سے 14 مئی تک ڈبلن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے میچ کے متاثر ہونے اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو بھاری خسارے کا خدشہ ہے۔