وزیراعظم کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نیلم حادثہ کی خبر سنتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئے

ہسپتال کا دورہ، زخمی طلباء کی عیادت کی

اتوار 13 مئی 2018 20:00

مظفرآباد۔نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے نیلم حادثہ کی خبر سنتے ہی اپنی تمام مصروفیات ترک کر دیں اور فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے امدادی کاموں کی خود نگرانی کی اور انتظامیہ سے پل پل کی رپورٹ طلب کی۔ اس موقع پر قائمقام صدر شاہ غلام قادر ، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر ، کمشنر مظفرآباد چوہدری امتیاز ، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد اور ڈپٹی کمشنر نیلم بھی ان کے ساتھ تھے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہاکہ اس المناک حادثے پر انتہائی غمزدہ ہوں۔ انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امدادی کاموں کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیے۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوانوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کام فوری طور پرشروع کیے جس کی وجہ سے 11قیمتی جانیں بچا لی گئیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ حادثے میں متاثرہ افراد کو حکومت تمام تر مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اس المناک حادثے پر ہر آنکھ پر نم ہے۔ وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنی گاڑی بھی انتظامیہ کو فراہم کر دی۔ دریں اثناء نیلم کے مقام پر پل ٹوٹنے کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد7 ہو گئی ہے جبکہ 9 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

فوری امدادی کاموں کی وجہ سے 11افراد کو بچا لیا گیا جن میں ابرار، حمزہ، عدیل، ولید، زبیر، لاریب، انم، اقراء ، علینہ(ساہیوال میڈیکل کالج) ، ثناء میر اور علینہ(کپس) شامل ہیں۔ علاقے میں بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیش آتی رہی لیکن پاک فوج کے جوان اور انتظامیہ مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں جس کی نگرانی خود وزیراعظم کر رہے ہیں۔

جاں بحق افراد میں ندیم ، شہزاد اور عبدالرحمن سعید کی شناخت ہو گئی ہے۔دریں اثناء وزیراعظم نے متاثرہ طلبہ سے ملاقات کی انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ان طلباء و طالبات کو اپنے گھروں میں با حفاظت پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں اور ان کے والدین کو ان کی خیریت سے آگاہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور زخمی طلباء کی عیادت کی اور انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ دریں اثناء وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔