ملتان میں نوازشریف کا جلسہ فلاپ ،ْ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی تاریخ ساز کامیابی حاصل کریگی ،ْخسرو بختیار

اتوار مئی 20:31

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) پی ٹی آئی و جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماء مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ ملتان میں نواز شریف کے فلاپ جلسے میں ثابت کر دیا ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام نواز شریف اور مسلم لیگ ن کو رد کر چکی ہے جس سے توقع ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی تاریخ ساز کامیابیاں حاصل کرے گی ۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد پہلی بار رحیم یار خان آمد کے موقع پر شیخ زید ائیر پورٹ پر صحافیوں اور استقبالیہ ہجوم سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بھارت بارے حالیہ بیان سے ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ آئندہ عام انتخابات میں صرف محب وطن جماعتوں کو ہی ووٹ دے تاکہ مستقبل میں محب وطن لوگ ہی پاکستان کی قیادت کر سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی سیاست اب جنوبی پنجاب کی عوام کیلئے وقف کر دی ہے اور آئندہ عام انتخابات کے بعد جنوبی پنجاب پر مشتمل نئے صوبے کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستانی عوام کی امنگوں کے ترجمان ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں سندھ اور پنجاب سمیت پورے پاکستان میں ریکارڈ ساز کامیابیاں حاصل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتے ہی مسلم لیگ ن کے بیشتر اراکین صوبائی و قومی اسمبلی مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان کر دیں گے جس سے مسلم لیگ ن کی اصل مقبولیت کھل کر سامنے آجائے گی ۔