ملک بھرکی طرح پشاور میں بھی یوم مردہ باد امریکا کے سلسلے میں احتجاج

شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور پارٹی جھنڈے اٹھارکھے تھے ،امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے

اتوار 13 مئی 2018 20:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) مجلس وحدت مسلمین کے قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ملک بھرکی طرح پشاور میں بھی یوم مردہ باد امریکا کے سلسلے میں احتجاج پریس کلب پشاور کے سامنے کیا گیا ۔جس میں کثیرتعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی نے اس احتجاج کی قیادت کی۔

شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور پارٹی جھنڈے اٹھارکھے تھے اور وہ مسلسل امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔ یاد رہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے قائد کی اپیل پر پاکستان بھر میں اتوار کے روز یوم مردہ باد امریکا منایا گیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی نے یوم مردہ باد امریکا کی مناسبت سے بتایا کہ یونائٹڈ اسٹیٹس آف امریکا عالمی ہے جو دیگر ممالک اور خاص طور پر مسلمان و عرب ممالک اور تیسری دنیا کے ممالک میں مداخلت کی ایک طویل تاریخ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں جنگوں کی آگ بھڑکانے میں ، بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحے کی تیاری اور فروخت میں، دہشت گردوں کے ذریعے عدم استحکام اور قتل عام میں امریکی حکومتیں اور اس کے ادارے ہی ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فیصلہ سنادیا کہ مقبوضہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت مان لینے کا اور وہاں اپنا سفارتخانہ منتقل کرنے کا امریکی حکومتی فیصلہ ناجائز و غیر قانونی ہے لیکن اس کے باوجود پوری دنیا کی رائے کو پاں تلے روندتے ہوئے ٹرمپ حکومت اپنے اس انسانیت دشمن، اسلام دشمن، عرب دشمن فیصلے پر ڈھٹائی سے قائم ہے۔

علامہ اقبال بہشتی نے کہا کہ ماضی میں بھی امریکی حکومتوں نے پاکستانی قوم کی تذلیل و توہین کی ہے اور صدر ٹرمپ اور انکے دیگر حکومتی اہلکاروں نے پاکستان کے خلاف مہم شروع کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں قائم بھارتی سفارتخانہ امریکی سرپرستی میں بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کو پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے قابل مذمت ایجنڈا پر عمل کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کو اپنے پڑوسی ملک پاکستان سے تعلقات اچھے کرنے چاہئیں نہ کہ امریکی سامراج کا پٹھو بن کر اس خطے میں کشیدگی پھیلانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادیوں نے بڑے منظم طریقے سے فلسطین کی دوست حکومتوں اور تنظیموں کو نشانہ بنایا ہے اور ان ملکوں پر جنگیں مسلط کی اور کروائی ہیں تاکہ فلسطین پر ناجائز قبضہ کرنے والے اسرائیل کو بچاسکے۔

انکا کہنا تھا کہ اسرائیل نے نہ صرف فلسطین بلکہ لبنان اور شام کے علاقوں پر بھی ناجائز قبضہ کررکھا ہے لیکن امریکا اور اس کے اتحادی انٹرنیشنل لا کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیگر ممالک میں جارحیت کررہے ہیں اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے۔ اسرائیل کے انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم میں امریکا اور اس کے اتحادی شریک ہیں۔

امریکا نے عراق و افغانستان میں بھی یلغار کی اور وہاں اس نے دہشت گردوں کی آبیاری کی تاکہ اس بہانے سے ان دونوں ملکوں میں اپنے فوجی اڈوں کو قائم رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام تر مشکلات کا ذمے دار بھی امریکا اور اس کے بعض اتحادی ہیں کیونکہ وہ پاکستان کو دھمکیاں دیتے ہیں کہ ایران سے گیس نہ خریدیں، تجارت نہ کریں اور اس کی وجہ سے آج پاکستان میں انرجی کا بحران ہے، ملک میں بجلی مہنگی ہے اورلوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ، صنعتیں بند ہورہی ہیں یا پیدوار بالکل کم ہوچکی ہے جس کی وجہ سے بر آمدات میں بھی بے حد کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستان اپنی آمدنی کا ایک بڑا حصہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کی اس ایران دشمن پالیسی کی وجہ سے کھوچکا ہے۔