Live Updates

ضلع بھر میں 19 ڈیلی رمضان بازاروں کا انعقادعمل میں لایا جا رہا ہے، ڈپٹی کمشنر سلمان غنی

اتوار 13 مئی 2018 20:31

فیصل آباد ۔ 13مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ماہ صیام کے دوران صارفین کو معاشی ریلیف کی فراہمی کیلئے ضلع میں 19 ڈیلی رمضان بازاروں کا انعقادعمل میں لایا جا رہا ہے اور یہ بازار رمضان المبارک کی آمد سے تین روز قبل فنکشنل ہوجائیں گے جن میں کریانہ‘پھلوں اور سبزیوں کے سٹالز کے علاوہ ایگریکلچر فیئر پرائس شاپ‘گوشت‘سستے آٹے اور سستی چینی کے سٹالز لگائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے رمضان بازاروں کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ یہ رمضان بازار میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے علاقوں میںریاض شاہد چوک اسلام نگر،ملت روڈ نزد سٹار پٹرولیم اینڈ سی این جی،ماڈل بازار ملت روڈ باالمقابل ساندل کالج،سرسید ٹائون فیکٹری ایریا،اکبر چوک گلستان کالونی،ماڈل بازار جھنگ روڈ،فیضان مدینہ چوک سوساں روڈ،فوارہ چوک کشمیر پارک پیپلز کالونی نمبر2،مین سمندری روڈ،آئرن مارکیٹ ڈی ٹائپ کالونی سمندری روڈ،کلیم شہید پارک نڑوالا روڈ،چھتری والی گرائونڈ جناح کالونی،ضلع کونسل کے علاقہ میں اڈا سدھار مین جھنگ روڈ،میونسپل کمیٹی سمندری میں گوجرہ روڈ نزد رکشہ سٹینڈ،میونسپل کمیٹی چک جھمرہ میں چنیوٹ روڈ نزد جناح پارک،میونسپل کمیٹی تاندلیانوالہ میں قائداعظم روڈ نزد بس سٹینڈ،پل سیم نہر ریل بازار ماموں کانجن،میونسپل کمیٹی جڑانوالہ میں رمضان بازار نزد پی ٹی سی ایل آفس جھمرہ روڈ اور سستا رمضان بازار جڑانوالہ روڈ اڈا کھڑریانوالہ میں قائم ہونگے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل سپلائی کیلئے حکمت عملی وضع کرلی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رمضان بازار میں چینی کی قیمت 46 روپے فی کلوگرام ہوگی جبکہ 10کلو گرام وزنی آٹے کا تھیلہ 250 روپے میں فروخت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ تمام تر انتظامات کو جامع بنانے کیلئے متعلقہ افسران کو ٹاسک/ ڈیوٹیز تفویض کردی گئی ہیں جبکہ دیگر انتظامات کے مطابق ہر رمضان بازار میں معذورافراد،بزرگ شہریوں کے لئے خصوصی اقدامات ہونگے اور سستے آٹے وسستی چینی کے سٹالز پر مردوں اور عورتوں کیلئے الگ الگ کائونٹرزقائم اور نظم وضبط قائم رکھنے کیلئے سسٹم وضع کرلیا گیا ہے ۔

رمضان بازاروں میں اوزان وپیمائش کے پیمانوں کو لمحہ بہ لمحہ چیک کیا جائے گا جس کیلئے متعلقہ سٹاف کو متعین کیا گیا ہے ۔فرسٹ ایڈ کیلئے میڈیکل کیمپ اور شکایت سیل بھی ان رمضان بازاروں کااہم حصہ ہوں گے جبکہ سیکورٹی کیلئے پولیس وشہری دفاع کے رضاکار ڈیوٹی انجام دیں۔عملہ صفائی ہمہ وقت متحرک رہے گا۔ٹریفک مینجمنٹ اور گاڑیوں کی پارکنگ کاخصوصی بندوبست ہوگا۔

بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلئے جنریٹرز کااہتمام کیا گیا ہے اسی طرح اعلانات کے لئے پبلک ایڈریس سسٹم بھی نصب ہوگا۔سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سیکورٹی امورکی نگرانی کی جائے گی جبکہ ہربازار جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صوبائی سطح پر کنٹرول سے منسلک ہوگا جہاں سے بازار کی صورت حال کو دیکھا جاسکے گا۔بارش کی صورت میں پانی کے اخراج کیلئے ڈی واٹرنگ سیٹس رکھے جائیں گے اور ماحول کو خوبصورت رکھنے کیلئے پی ایچ اے کی طرف سے آرائشی پودوں کے گملے اور کوڑادان موجود ہوں گے۔

ہر رمضان بازار میں الیکٹرانک پرائس بورڈ آویزاں ہوں گے تاکہ شہری قیمتوں سے آگاہ رہیں۔ضلعی اورتحصیل کی سطح پر رمضان کنٹرول رومز کام کریں گے ۔شہری اشیائے ضروریہ کی زائد قیمتوں سے متعلق شکایات درج کراسکیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازارکے انچارج افسران کو اس اہم ڈیوٹی کا شدت سے احساس دلاتے ہوئے کہا کہ کوتاہی کی صورت میں دوسرا چانس نہیں ملے گا۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات