عوامی خدمت اور ترقی کے میدان میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کی ریکارڈ کامیابیوں نے سیاسی مخالفین کی نیندیں اڑا دی ہیں، مخالفین کے پاس ترقی کا کوئی واضح پروگرام نہیں، وہ آئندہ الیکشن میں بھی شکست سے دوچار ہونگے، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں

اتوار مئی 20:31

فیصل آباد۔ 13مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عوامی خدمت اور ترقی کے میدان میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کی ریکارڈ کامیابیوں نے سیاسی مخالفین کی نیندیں اڑا رکھی ہیں اوران کے پاس ترقی کا کوئی واضح پروگرام نہیں وہ آئندہ الیکشن میں بھی شکست سے دوچار ہونگے ۔انہوں نے یہ بات علامہ اقبال کالونی میں بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایم پی اے شیخ اعجاز احمد‘چیئرمین افضل ڈوگر‘میاں محمد رشید‘سجاد شیرا‘اکبر ظفر اور دیگر کارکنوں کے علاوہ عمائدین علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے کیونکہ ہم نعرے نہیں عملی کام کرکے عوام کو ریلیف دینے پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بے لوث انداز میں عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے اور ملک بھر میںریکارڈ ترقیاتی منصوبے عمدہ اور شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس سے عوام کا معیار زندگی بلند اور ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موٹر ویز کا جال بچھا دیا گیا ہے جس کی بدولت لوگوں کو آسان اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آرہی ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال،کالجز،سکولوں کی اپ گریڈیشن اورتعمیر ومرمت،سیوریج کے بڑے منصوبوں،پارکس کی تزئین وآرائش‘پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر بنیادی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچائی گئی ہیں جن سے ہر طرف خوشحالی واضح طو رپرنظر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ میں واضح کمی اور دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے گئے ۔صوبائی وزیر نے حلقہ پی پی70کی تعمیر وترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے مشن کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جس میں عمائدین علاقہ کی ہمیشہ معاونت رہی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کالونی جلسہ میں لوگوں کی بھرپور شرکت موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی تائید ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کی خدمت ہی ان کی سیاست کامشن ہے اور وہ ہمہ وقت لوگوں کے مسائل کے حل میں کوشاں رہتے ہیں۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ عوام کی بلاامتیاز خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کا مقابلہ مفاد پرستوں سے ہے اور ترقی روکنے والوں کو شکست فاش ہوگی۔صوبائی وزیر قانون نے علامہ اقبال کالونی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی آفس کا بھی دورہ کیا اور مسلم لیگی عہدیداروں سے ملاقات کی ۔

قبل ازیںمسلم لیگی رہنمائوںاور علاقہ کے عوام نے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کا علامہ اقبال کالونی پہنچنے پر فقید المثال استقبال کرتے ہوئے بھاری مقدار میں پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں۔جلسے کی فضاء ’’دلوں کی جان راناثناء اللہ خاں‘‘اور شیر آیا شیر آیا کے نعروں سے گونج اٹھی جس کا جواب بھی رانا ثناء اللہ خاں نے پیار ومحبت سے دیا کہ وہ عوام کی محبت کو زندگی بھر نہیں بھول سکتے ۔اس موقع پر چیئرمین افضل ڈوگرودیگر نے کہا کہ رانا ثناء اللہ خاں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار مخلص اور محنتی لیڈر ہیں جن کی آئندہ بھی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔