ڈویژنل سپورٹس کمیٹی اور ڈویژنل تیکوانڈو ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ڈویژنل انٹر کلبز تیکوانڈو چمپیئن شپ کا اہتمام

اتوار مئی 20:31

فیصل آباد۔ 13مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) ڈویژنل سپورٹس کمیٹی اور ڈویژنل تیکووانڈو ایسوسی ایشن کے اشتراک سے ڈویژنل انٹر کلبز تیکووانڈو چمپیئن شپ کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس میں کھیلی گئی جس کا افتتاح ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن (محکمہ تعلقات عامہ حکومت پنجاب )سبحان علی نے کیا ۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر چوہدری طارق نذیر‘ صدر ڈویژنل تیکووانڈو ایسوسی ایشن ڈاکٹر اظہارالحق ‘ سیکرٹری پنجاب تیکووانڈو ایسوسی ایشن محمد بابر و دیگر آفیشلز و کوچز موقع پر موجود تھے ۔

چمپیئن شپ میں فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع کے تیکووانڈو کے 16 کلبز نے شرکت کی جس میں چھوٹی سے بڑی عمر کے بچے شامل تھے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سبحان علی نے کہا کہ کھیلیں انسانی زندگی اور معاشرے کا اہم حصہ ہیںجن کی بدولت نہ صرف صحت مند سرگرمیاں پروان چڑھتی ہیں بلکہ نوجوانوں میں نظم و ضبط ‘ بردباری‘ راواداری ‘ خود اعتمادی اور دیگر اوصاف پیدا ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تیکووانڈو کے شاندار مقابلوں پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ یہ کھیل بچوںمیں بے حد مقبول ہے جس سے انکے جسم تواناء اور مضبوط ہوتے ہیں ۔ انہوں نے چمپیئن شپ کے بہترین انعقاد پرمنتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر نے کہاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کومزید وسیع کرنے کے لئے جامع پروگرام پرعملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تیکووانڈو کے ساتھ ساتھ دیگرکھیلوں کے بھی ڈویژنل سطح کے ایونٹس منعقد کئے جائیںگے۔