وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی لاہور آمد سروسز ہسپتال میں زیر علاج احسن اقبال کی عیادت

وزیر اعظم نے جلد صحتیابی کیلئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ،انوشہ رحمان، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر بھی ہمراہ تھے رفیق رجوانہ، اعجاز الحق، آصف کرمانی چیف سیکرٹری زاہد سعید نے بھی عیادت کی‘گورنر خیبر پی کے اقبال ظفر جھگڑا نے پھولوں کا گلدستہ بھجوایا

اتوار 13 مئی 2018 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سروسز ہسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کی ۔وزیر اعظم نے احسن اقبال سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وفاقی وزراء انجینئر خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اورانوشہ رحمان بھی وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ سروسز ہسپتال آئے ۔

اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔وزیرا عظم کچھ وقت احسن اقبال کے ہمراہ رہنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو گئے ۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال روبصحت ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستانی عوام کی دعائیں سنی ہیں اورہم ان کے لئے دعائیں کرنے والوں کا شکر یہ ادا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

احسن اقبا ل اس ملک کا اثاثہ ہیں اورا نہوںنے ہمیشہ ملک کی ترقی کیلئے کام کیا ہے ۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ، سینیٹر آصف کرمانی ،مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق ، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے بھی سروسز ہسپتال میں زیر علاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کر کے ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ۔ اس موقع پر پھولوں کے گلدستے بھی پیش کئے گئے ۔ گورنر خیبر پختوانخواہ اقبال ظفر جھگڑا کی جانب سے بھی احسن اقبال کے لئے پھولوں کا گلدستہ بھجوایا گیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔