پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں کرپٹ مافیا کیخلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گی،ملک امان اللہ نوتیزئی و دیگر

اتوار مئی 21:20

نوکنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف چاغی کے ضلعی صدر ملک امان اللہ نوتیزئی نے کہا کہ پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں کرپٹ مافیا کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے گی،چاغی کے نام نہاد عوامی نمائندوں نے علاقے کو پسماندگی، جہالت اور کرپشن کے سوا کچھ نہیں دیا۔ وہ اتوار کو پی ٹی آئی چاغی کے جنرل سیکرٹری عبدالمالک بٴْرہانزئی، نائب صدر ذاکر حسین بلوچ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاکم ایجبانی ودیگر کے ہمراہ نوکنڈی میں پی ٹی آئی کے ممبرسازی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر رضا محمد نوتیزئی، شفیع محمد ریکی، سمیر حسن زئی، امین اللہ کشانی سمیت متعدد نوجوانوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر ملک امان اللہ نوتیزئی نے کہا کہ ملک بھر سے اہم شخصیات کی پی ٹی آئی میں دھڑادھڑ شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پی ٹی آئی پاکستان کے لیے امید کی کرن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں چاغی سے بھی پی ٹی آئی حصہ لے گی تاکہ چاغی کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے،نوکنڈی واٹر سپلائی اسکیم کے پائپ لائنوں سے پانی کی رساؤ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹیریل کا استعمال کرکے کمیشن خوری کی جاتی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکام بالا سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔