کرنل جوزف کی ملک سے فرار کی کوشش تشویشناک ہے اسے فوری حکومتی تحویل میں لیاجائے،میاں مقصود احمد

وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکہ کے ساتھ آقااور غلام کی پالیسی کو ترک کرکے برابری کی سطح پر تعلقات کو استوار کرے، صوبائی امیر جماعت اسلامی کی عوامی وفود سے گفتگو

اتوار 13 مئی 2018 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ اسلام آباد میں پاکستانی نوجوان کو کچلنے والے کرنل جوزف کی ملک سے فرار کی کوشش تشویشناک ہے اسے فوری حکومتی تحویل میں لیاجاناچاہئے۔بروقت کارروائی کرتے ہوئے کرنل جوزف اور امریکی سفارتخانہ کی ملی بھگت کو سیکیورٹی اداروں کی جانب سے ناکام بناناخوش آئند ہے جسے پوری قوم سراہتی ہے اور امید کا اظہار کرتی ہے کہ حکومت بھی مضبوط پائو ں پر کھڑی ہوکر اس ساری صورتحال سے نمبردآزما ہوگی۔

حکمرانوں کی طرف سے اس حوالے سے دلیرانہ موقف اختیارکیاجانا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امریکہ دوست کے روپ میں دشمن ہے۔اس نے ہمیشہ اپنے مفادات کا تحفظ کیا ہے۔نائن الیون کے بعد جس انداز میں پاکستان نے فرنٹ لائن اتحادی بن کر امریکہ کاساتھ دیا اور لازوال قربانیاں دیں المیہ یہ ہے کہ ان قربانیوں کا اعتراف عالمی سطح پراس طرح نہیں ہواجس طرح ہونا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہاکہ ڈونلڈٹرمپ حکومت کی جانب سے مسلسل دبائو بڑھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ڈومور کا مطالبہ ہنوزجاری ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان امریکہ کے ساتھ آقااور غلام کی پالیسی کو ترک کرکے برابری کی سطح پر تعلقات کو استوار کرے۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکمرانوں نے امریکی غلامی میں تمام حدیں پھلانگ لی تھیں جس کاخمیازہ آج قوم بھگت رہی ہے۔

ہمیں امریکہ کے آگے جھکنے کی ضرورت نہیں۔پاکستان اور اس کے عوام بغیر کسی بیرونی امداد کے بھی رہ سکتے ہیں۔1998کے ایٹمی دھماکوں کے بعد اقتصادی پابندیوں کاجواں مردی سے اس قسم کے حالات کاہم سامنا پہلے بھی کرچکے ہیں اور آئندہ بھی امریکی امداد کے بغیر جی سکتے ہیں۔پاکستان کی غیور قوم امریکی ٹکڑوں پر پلنے والے حکمرانوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ2018کے انتخابات میں عوام امریکی غلام حکمرانوں کوعبرت کانشانہ بنادیں گے۔اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں اسلامی نظام کے سواکوئی نظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔متحدہ مجلس عمل ملک وقوم کو کرپٹ،ظالم اور امریکی کاسہ لیسی کادم بھرنے والے موجودہ حکمرانوں سے نجات دلاکر محب وطن قیادت فراہم کرے گی۔