سیالکوٹ،برصغیر پاک و ہند میں اسلام اولیاء اللہ کی انتھک محنتوں کوششوں سے پھیلا، پیر سید ظہور الحسنین شاہ

بزرگان دین نے ہر دور میں تکالیف و مصائب کو برداشت کرکے دین اسلام کے پرچم کو سربلند رکھا اور اپنے کردار و عمل سے لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا، روحانی اجتماع سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 21:20

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) برصغیر پاک و ہند میں اسلام اولیاء اللہ کی انتھک محنتوں کوششوں سے پھیلا،اولیاء کرام کے حسن اخلاق سے متاثر ہوکر لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہوئے ۔بزرگان دین نے ہر دور میں تکالیف و مصائب کو برداشت کرکے دین اسلام کے پرچم کو سربلند رکھا اور اپنے کردار و عمل سے لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا۔

دامن مصطفیؐ سے وابستہ ہو کر اولیاء اللہ نے کروڑوں غیر مسلموں کو مشرف با اسلام کیا ،سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ نے نوے لاکھ غیر مسلموں کو مسلمان کیا اور اسی اولیاء اللہ کی جماعت کے عظیم روحانی پیشوا حضرت پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری امیر ملتؒ ،حضرت پیر سید نجابت علی حسن شاہ ،پیر سید احمد حسین ؒکا نام بھی دین کے ان بہادر سپاہوں میں شامل ہے کہ جنہوں نے ہمیشہ خالق کائنات کی رضا و خوشنودی کی خاطر مجاہدے کئے،بھوک پیاس کو برداشت کیا اور صبر وتحمل کے دامن کو کبھی بھی نہیں چھوڑا۔

(جاری ہے)

ساڑھے تین سو سال پہلے آپ نے یہاں اسلامی تعلیمات کا پرچار کیا اورہزاروں لوگوں کو دامن مصطفیؐ سے وابستہ کیا اور اپنے کردار و عمل سے توحید و رسالتؐ کے وہ ابدی چراغ روشن کئے کہ جو قیامت تک حق کے متلاشیوں کی درست سمت میں رہنمائی کرتے رہینگے۔ان خیالات کا اظہارسجادہ نشین پیر سید ظہور الحسنین شاہ شیرازی ،پیر محفوظ الحسنین شاہ شیرازی اور علامہ امان اللہ سواگی نے حضرت امیر ملتؒ پیر سید جماعت علی شاہ و حضرت پیر سید احمد حسین شاہ ؒ کے سالانہ عرس کے ایک بہت بڑئے روحانی اجتماع سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی ،سجادہ نشین ڈونگیاں شریف پیر سید احمد رضا شاہ بخاری ،پیر سید غلام نقشبند المعروف چن پیر ،سید فدا حسین شاہ زنجانی ،پیر محمد ظہور واصف بڈیانوی ،سید مستجاب شاہ ،پیر اکرام اللہ محمدی سیفی ،ملک مظہر حسین اعوان ،حافظ عمران بھٹی صدر صرافہ ایسوسی ایشن نارووال ،ذوالفقار بھٹی ،علامہ اللہ دتہ سجن سائیں و دیگر علماء و مشائخ عظام بھی موجود تھے ۔

علامہ ریاض الدین صدیقی اور علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا کہ ہماری پریشانیوں اور مسائل کی اصل وجہ قرآن و سنت ؐ سے روگردانی ہے آج بھی اگر امت مسلمہ تعلیمات قرآن و صاحب قرآن کو اپنا لے تو کھوئی ہوئی عظمت رفتہ بحال ہوسکتی ہے اور موجودہ چیلینجز کا بخوبی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :