Live Updates

صوبے کے محدود وسائل دانشمندی سے استعمال کرنے ہونگے، کارکنان اپنی کرپٹ قیادت کادفاع نہ کریں، پرویز خٹک کا تحریک انصاف میں کوئی مستقبل نہیں ،بی آر ٹی پراجیکٹ سے وزیربلدیات کا کوئی تعلق نہیں ، آصف لقمان قاضی

اتوار 13 مئی 2018 21:20

نو شہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) امیرجماعت اسلامی پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور آصف لقمان قاضی نے کہا کہ صوبے کے محدود وسائل دانشمندی سے استعمال کرنے ہوں گے،تمام جماعتیں کرپٹ افراد کو پیچھے دھکیل دیں،سیاسی جماعتوں کے کارکنان اپنی کرپٹ قیادت کادفاع نہ کریں۔ہفتے کو وہ نوشہرہ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کی کرپشن تحریک انصاف کی قیادت پرآشکار ہوچکی ہے،تحریک انصاف کی قیادت میں میرے ذاتی دوست موجود ہیں اور مجھے علم ہے کہ پرویز خٹک کا تحریک انصاف میں کوئی مستقبل نہیں ہے،آئندہ پرویزخٹک کو کوئی اہم عہدہ نہیں سونپا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ پرویزخٹک نے گزشتہ پانچ انتخابات میں پانچ پارٹیاں تبدیل کی ہیں اور وہ کبھی کسی پارٹی کے وفادار نہیں رہے،موجودہ دور میں بھی آپنی پوزیشن کا ناجائز فائدہ آٹھاتے ہوئے صرف اپنے خاندان کے افرادکو نوازتے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ پرویزخٹک ایک محدود سوچ کے مالک ہیں اور ان کی سوچ ہمیشہ آپنی ذات کے گرد گھومتی ہے۔امیرجماعت اسلامی پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ ابھی تو ہم نے پرویزخٹک کی کرپشن کا صرف ایک صندوق کھولا ہے جس پر انہوں نے واویلا شروع کردیاہے وزیراعلیٰ خاطر جمع رکھیں،ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔ہمارے ساتھ لوگ رابطے کررہے ہیں اور ہم ان کی کرپشن کی مزید داستانیں ریکارڈ کررہے ہیں۔

خیبر پختونخوا اکنامک زونز کمپنی میں جو کچھ ہو رہا ہے ہم اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بعض امور کی منظوری لینے کے لئے حکومت کے آخری دنوں میں بورڈ آف ڈائیریکٹرز کے ممبران کو مجبور کیا جا رہا ہے۔ یہ سپریم کورٹ کے واضح احکام کی خلاف ورزی ھے۔انہوں نے کہا ہے کہ بی آر ٹی پراجیکٹ کی نگرانی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا خود کررہے ہیں اور اس پراجیکٹ کے ساتھ وزیربلدیات کا کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔

یہ نکتہ بھی وزیراعلیٰ کے خلاف جاتا ہے کہ انہوں بعض وزراء کو بائی پاس کر کے بی آر ٹی کے تمام امور اپنے ہاتھ میں کیوں رکھے۔ اگر بی آر ٹی شروع کرنا تھا تو حال ھی میں پشاور کی آرائیش پر قومی خزانے سے اربوں روپے کیوں خرچ کئے گئے، جس کو اکھاڑ کر اب اس کا نام و نشان ختم کر دیا گیا ھے۔ آصف لقمان قاضی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ جس کسی نے بھی قومی دولت سے اربوں روپے ضائع کروائے اسے عدالت کے کہڑے میں کھڑا کیا جائے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جلد از جلد ہرجانے کا دعوی ٰ کریں تاکہ ہم عدالت میں حقائق پیش کرسکیں
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات