امیرحیدرخان ہوتی نے اپنے حلقہ نیابت این اے 21سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغازکردیا،4کمیٹیاں تشکیل دیدیں

اتوار 13 مئی 2018 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیرحیدرخان ہوتی نے اپنے حلقہ نیابت این اے 21سے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغازکردیا جس کے لئے چار مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں جبکہ مرکزی الیکشن سیکرٹریٹ بھی قائم کردیاگیا ،خواتین ووٹرز پر بھرپور توجہ دینے ،کارکنوں سے پارٹی جھنڈا لگانے اورباچاخانی کے پیغام کو گھر گھر اورقریہ قریہ پہنچانے کی ہدایات جاری کردی گئیں اس بات کا فیصلہ اے این پی کے صوبائی صدر نے اپنے حلقہ این اے 21اورصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 53کے علاوہ پی کی52کے مختلف یونین کونسلوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے مشترکہ مشاورتی اجلاس میں کیا جو مردان میں ایک نجی شادی ہال میں منعقد ہوا اجلاس میں پی کے 51کے نامزد امیدوار اور پارٹی صدر حمایت اللہ مایار ،پی کی52کے نامزد امیدوار علی خان ،رکن اسمبلی احمدبہادرخان ،پارٹی کے صوبائی نائب صدر جاوید یوسفزئی ،جنرل سیکرٹری حاجی لطیف الرحمان،فنانس سیکرٹری منیر خان ،خالد خان آفریدی ،حاجی محمد اسلام اوردیگر نے بھی خطاب کیا اورمختلف تجاویز پیش کیں،صوبائی صدر نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی آراء اورتجاویز کی روشنی میں انتظامی کمیٹی ،رابطہ کمیٹی سمیت چار مختلف کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے ان کے ناموں کا اعلان بھی کیا، رابطہ کمیٹی کے ارکان میں رکن اسمبلی احمد بہادرخان ،ڈسٹرکٹ ممبر ہمایون خان،شاہ نواز خان ،عمران ماندوری اور سعید عالم بابا، شامل ہیں جبکہ انتظامی کمیٹی کے ارکان میں صوبائی نائب صدر جاوید یوسفزئی اورضلعی جنرل سیکرٹری حاجی لطیف الرحمان ، خواتین کمیٹی میں شازیہ اورنگ زیب ،شاہدہ بی بی اورہمابی بی شامل ہیں صوبائی صدر نے اے این پی کے ضلعی دفتر میںمرکزی الیکشن سیکرٹریٹ قائم کرتے ہوئے اس کے لئے پارٹی کے نائب ضلعی صدرعباس ثانی کو انچار ج مقررکردیاگیا، یوتھ کمیٹی کے لئے ناموں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا، امیرحیدرخان ہوتی نے اپنے خطاب میں کہاکہ انتخابی مہم کے لئے بنائی گئی کمیٹیاںپارٹی تنظیموں کے زیر نگرانی کام کریں گی اورضرورت اور حالات کے مطابق کمیٹیوں میں ترمیم واضافہ ہوگا ،انہوںنے پارٹی عہدیداروں اور کمیٹیوں کو ہدایات دیں کہ وہ انتخابات کے لئے مرد وخواتین پولنگ ایجنٹوںکی تربیت اور تعیناتیوں کے کام کی انجام دہی اورووٹرزلسٹوں کے حصول کاکام فوری طور پر شروع کیاجائے ،انہوںنے کہاکہ انتخابات میں وقت کی کمی کے باعث ماہ رمضان میں بھی بھرپور طریقے سے الیکشن مہم چلائی جائے گی اور وہ حلقے کے تمام یونین کونسلوں میں خود جلسے کریں گے، صوبائی صدر نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر میدان میں اتریں گھر گھر اور قریہ قریہ پھیل کر باچاخانی کے پیغام کولوگوں تک پہنچائیں امیرحیدرخان ہوتی نے کہاکہ کارکن کسی بھی موقع پر ہوش کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور اپنے اکابرین کی سوچ اور نظریے کے مطابق اپنا موقف بیان کریں ،کارکن گھروں ،محلوں اور بازاروں میں پارٹی جھنڈیاں لگانے کی بھرپور مہم شروع کریں،انہوںنے کہاکہ آج کارکنوں کے حوصلے اوران کی جذبے کو دیکھ کر وہ بلامبالغہ کہہ سکتے ہیں کہ انتخابات میں شکست مخالفین کا مقدر ہوگی اور فتح سرخ جھنڈے کی ہوگی، انہوںنے مزیدکہاکہ انتخابات میں بہتر کارکردگی دکھانے والی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اوران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔