تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ،ْجی سی یو نے مختلف شعبوں میں بڑے بڑے لیڈر پیدا کئے ہیں جو اپنے اپنے شعبہ میں اپنا اور ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں ،ْوزیراعظم نے وفاقی حکومت کی طرف سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ میں 5کروڑ روپے فنڈ دینے کا اعلان

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا جی سی یونیورسٹی میں سالانہ انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کی تقریب سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 21:40

لاہور۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا ،ْ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جس کے فارغ ا لتحصیل نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔وہ اتوار کی شام جی سی یونیورسٹی میں سالانہ انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ ،ْ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ،ْ وفاقی وزیر انوشہ رحمان ،ْ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ ،ْ صدر انڈونمنٹ فنڈز ٹرسٹ جی سی یو اقبال زیڈ ایم ،ْ سیکرٹری ڈاکٹر خالد بٹ ،ْ فیکلٹی ممبران ،ْ ڈونرز اور طلباء کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ ذہین ،ْ محنتی اور مستحق طلباء کے لئے انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کا قیام ایک یونیک کاوش ہے اور اس اقدام پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،ْ حکومت کا کام سہولیات فراہم کرنا ہوتا ہے لیکن جو بھی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں وہ ان معاملات کے لئے ناکافی ہوتی ہیں جس کے لئے ایسے فنڈ کا قیام کسی نعمت سے کم نہیں ،ْ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی تقریباً 150 سال سے کوالٹی ایجوکیشن فراہم کر رہی ہے اور سوسائٹی میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور امید ہے کہ یہ کوالٹی ایجوکیشن فراہم کرنے کا سلسلہ مستقل جاری رہے گا۔

جی سی یو نے مختلف شعبوں میں بڑے بڑے لیڈر پیدا کئے ہیں جو اپنے اپنے شعبہ میں اپنا اور ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں۔انہوں نے اسی فنڈ کے تحت یونیورسٹی میں بزنس سکول کے قیام کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ یہ ایک بہت اچھا اقدام ہے۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی طرف سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ میں 5کروڑ روپے فنڈ دینے کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں بتایا ہے کہ اس فنڈ سے نہ صرف بچوں کو سکالر شپ دیئے جاتے ہیں بلکہ یونیورسٹی کے انفراسٹرکچر میں بھی بہتری لائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جی سی یو ایک تاریخی کیمپس ہے جس میں اس فنڈز سے مزید سہولیات شامل کی جا سکیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ فنڈ بہت جلد ملین سے بلین تک پہنچ جائے گا اور امید ہے کہ جو طالب علم یہاں سے تعلیم حاصل کریں گے وہ کل کو اس میں اپنا حصہ بھی ڈالیں گے تا کہ یہ سلسلہ چلتا رہے۔ قبل ازیں وائس چانسلر جی سی یو حسن امیر شاہ نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا بعدازاں وزیراعظم نے انڈونمنٹ فنڈ ٹرسٹ کے ڈونرز میں شیلڈ بھی تقسیم کیں۔