موجودہ حکومت کے کامیاب دور کی مثال پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی ۔وفاقی وزیر دفاع کا عوامی اجتماع سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 21:40

گوجرانوالہ۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں شیر عوام کے ووٹوں پر سوار ہوکر اقتدار میں آئیگا۔ نوازشریف کو سیاست سے آؤٹ کرنیکی ہر کوشش ناکام ہوگی، پاکستان کے غیور عوام کسی کھلاڑی، مداری کے جھانسے میں نہیں آئینگے، دھرنوں اور لاک ڈاؤن کی سیاست کرنیوالوں نے ملکی ترقی کو نقصان پہنچایا، ذاتی مفادات اور الزامات کی سیاست کرنیوالے عوام کے خیر خواہ نہیں ،یوٹرن خان نے 5سال میں نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا، قائد ن لیگ میاں نوازشریف کا بیانیہ کامیاب ہوا اور ووٹ کو عزت دو مہم کی کامیابی کیلئے کارکن دن رات محنت کررہے ہیں، انتخابات میں ترقی کرنیوالوں اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں کے درمیان مقابلہ ہوگا، موجودہ حکومت کے کامیاب دور کی مثال پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یوسی چیئرمین عاطف مسعود بٹ کی رہائشگاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر یوسی چیئرمین عاطف مسعود بٹ، وائس چیئرمین زبیر مغل، کاشف صابر خان، لیگی رہنماؤں میاں حبیب اللہ کھوکھر، ناصر محمود کھوکھر، اجمل بٹ، بابر خان، مہر طارق، حاجی اللہ رکھا، ملک تنویر احمد، انصر ڈار، امجد بھٹی، بگامسیح ، انیس بھٹی، اورنگزیب چیمہ، مظہر علی شاہ، غلام حسین جج، ذوالفقار اعوان، چاچا رشید، اویس سوہل، جگنو بٹ، رانا عمیر، آصف کمبوہ، رانا کاشف ودیگر بھی موجود تھے وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرواکے عوام کے دل جیت لئے ہیں قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف کی قیادت میں پانچ سالہ دور حکومت میں بے شمار منصوبے مکمل کئے گئے بجلی کی لوڈشیڈنگ، دہشتگردی اور بدمنی کے خاتمہ کیلئے حکومتی کاوشیں قابل تحسین ہیں پاکستانی عوام کو ترقی و پر امن پاکستان دکھانے کیلئے کسی تجزیے کی ضرورت نہیں انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن عوامی ووٹوں کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آئیگی۔