ضلع بھر کے 30 تھانوںمیں لاکھوں روپے کی سٹیشنری تقسیم

اتوار مئی 21:40

گوجرانوالہ۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے 30 تھانوںمیں لاکھوں روپے کی سٹیشنری تقسیم کر دی گئی ہے ۔ رواں سال جولائی تک سٹیشنری کوٹہ فراہم کر دیا گیا ہے ۔ تھانہ جات میں پولیس افسران کی جانب سے سٹیشنری کی عدم دستیابی کا عُذر ختم کر دیا گیا ہے ۔ سائیلان اور درخواست دہندگان سے سٹیشنری کی مد میں روپے پیسے وصول کرنے والے محرران اور تفتیشی افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں تھانہ جات کے محرران میں لاکھوں روپے کی سٹیشنری تقسیم کرتے ہوئے کیا ،تقسیم کی جانے والی سٹیشنری میں کاغذ، رِم،رجسٹر، ضمنیات رجسٹر، لیڈ پنسل، بال پوائنٹ ،پوائنٹر، ہائی لائٹر،پرنٹر کارٹریج، سٹیپلر مشین اور پِن،ٹیگ، ڈاک کی ترسیل کے لئے لفافہ جات و دیگر ضروری سامان شامل ہے۔

(جاری ہے)

سی پی او نے سٹیشنری وصول کرنے والے محرران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سٹیشنری کا استعمال قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جائے اور اسے فضول خرچ یا ضائع ہونے سے بھی بچایا جائے ۔

سائیلان سے سٹیشنری کی مد میں روپے پیسے کے حصول کی پریکٹس کو ختم کیا جائے ۔ایسی کسی بھی شکایت پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے آخر میں کہا کہ سٹیشنری کی تقسیم کا مقصد کرپشن اور بد عنوانی کے دروازوں کو بند کرنا اور سائیلان کو بلا تاخیر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ عنوان :