چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ نے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے ہمراہ تحصیل سمبڑیال کے مختلف دیہات کا دورہ

اتوار 13 مئی 2018 22:00

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ کے ہمراہ تحصیل سمبڑیال کے مختلف دیہات کا دورہ کیا۔ مقامی بلدیاتی نمائندوں ، معززین اورسینکڑوں لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ چیئرپرسن نے تحصیل سمبڑیال میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار کا جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدائیت کی کہ ان ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر لوگوں سے دوران گفتگوحناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات پر ضلع کونسل سیالکوٹ دیہی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے مقامی بلدیاتی نمائندوں کی زیر نگرانی تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

(جاری ہے)

دیہی عوام کو بلاشبہ قومی ترقیاتی دھارے میں شامل کر کے ان کا معیار زندگی بلند کیا جارہا ہے۔

تمام بنیادی سہولیات دیہی عوام کی دہلیز پر پہنچائی جا رہی ہیں۔ چیئرپرسن نے بلدیاتی نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بلاامتیاز بے لوث عوامی خدمت کا اپنا شعار بنا کر عوامی اعتماد پر پورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل دیہی عوام کا احساس محرومی ختم کر رہی ہے۔ ترقی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ ایم پی اے چوہدری ارشد جاوید وڑائچ نے کہا کہ حکومت کھوکھلے نعرے لگانے کی بجائے عملی اقدامات کر کے عوام سے کئے گئے تمام تر وعدے بتدریج پورے کر رہی ہے۔یہ بے لوث عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔چیئرپرسن نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں عوامی ترقی و خوشحالی اور تعمیر و ترقی کا سنہری دور جاری ہے۔