تاریخی ڈبلن ٹیسٹ:

فالو آن کے بعد آئرش اوپنرز کا پاکستان کو عمدہ جواب

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار مئی 23:05

تاریخی ڈبلن ٹیسٹ:
ڈبلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13مئی 2018ء) پاکستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ میچ میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد آئر لینڈ نے کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 64رنز سکور کرلیے ،ایڈ جوائس 39اورپورٹ فیلڈ23رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنانے کے بعد پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 48 ویں اوور میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان نے 16 برس بعد کسی ٹیم کو فالو آن کرنے کے بعد دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی،گرین شرٹس نے آخری مرتبہ 2002 ءمیں لاہور میں انضمام الحق کی قیادت میں نیوزی لینڈ کو فالو آن کرایا تھا۔آئرلینڈ کی ابتدائی 4 وکٹیں 7 رنز پر گر گئیں تھیں لیکن کیون اوبرائن کے 44 اور گیری ولسن کے 33 رنز کی بدولت میزبان ٹیم 130 رنز تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 4، شاداب خان نے 3، محمد عامر نے 2 اور فہیم اشرف نے1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹیسٹ کے تیسرے روز 6 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز سے کھیل کا آغاز کیا تو 8 رنز کے اضافے کے بعد شاداب خان 55 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔قومی ٹیم کو آٹھویں وکٹ کا خسارہ فہیم اشرف کی صورت میں ہوا جو 83 رنز بناکر پویلین لوٹے جس کے بعد 306 کے مجموعی سکور پر محمد عامر بھی 13 رنز بنانے کے بعد کیچ تھما بیٹھے۔ اس سے قبل آئرلینڈ کےخلاف واحد ٹیسٹ میچ کا دوسرے روز کا کھیل خراب موسم کے باعث قبل از وقت ختم کیا گیا جس میں قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا۔

ابتدائی 6 بلے بازوں کے جلد آﺅٹ ہونے کے بعد شاداب خان اور فہیم اشرف نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو سہارا دیا اور ساتویں وکٹ پر 109 رنز جوڑے۔قومی ٹیم نے گزشتہ روز آئرلینڈ کےخلاف 76 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان 268 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کے باعث میچ کو روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔دوسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو فہیم اشرف 61 اور شاداب خان 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنی پہلی نصف سنچری اسکور کی اور دونوں کے درمیان 109 رنز کی شراکت قائم ہو چکی ہے۔۔پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 13 کے مجموعی سکور پر اظہر علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے امام الحق ون ڈے ڈیبیو کی طرح بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 13 ہی کے مجموعی سکور پر 7 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔

اوپننگ بلے بازوں کے جلد آﺅٹ ہونے کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق نے محتاط انداز سے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا لیکن کھانے کے وقفے کے بعد جلد ہی حارث سہیل 31 کے انفرادی سکور پر ہمت ہار گئے۔بابراعظم بھی 14 رنز بناسکے جب کہ اسد شفیق اپنی 19 ویں نصف سنچری بنانے کے بعد 62 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی باہر جاتی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں سلپ میں کیچ آﺅٹ ہوئے، انہوں نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان تاریخی ٹیسٹ کا پہلا روز 11 مئی کو بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے باعث ٹاس بھی نہیں ہوسکا تھا تاہم ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔اس موقع پر آئرلینڈ کے کپتان پورٹر فیلڈ کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے آج بہت بڑا دن ہے جب کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ تایخی ٹیسٹ کا حصہ بننا ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔

واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ امام الحق اور فہیم اشرف کے لیے بھی اس لحاظ سے اہم ہے کہ یہ دونوں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، جنہیں پی سی بی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ٹیسٹ کیپ پہنائی۔ یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 مئی سے 14 مئی تک ڈبلن میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے میچ کے متاثر ہونے اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو بھاری خسارے کا خدشہ ہے۔