تاریخی ٹیسٹ، آئرلینڈ پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار، میزبان ٹیم نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 64 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 116 رنز درکار، محمد عباس کی 4 اور شاداب کی 3 وکٹیں

اتوار 13 مئی 2018 23:20

ڈبلن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) پاکستانی بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کی بدولت آئرش ٹیم کو تاریخی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں فالو آن کا سامنا کرنا پڑا، میزبان ٹیم گرین شرٹس کی پہلی اننگز 310 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، کوئی بھی آئرش کھلاڑی گرین شرٹس کے بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا، 7 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، محمد عباس نے 4 اور شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، میزبان ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 64 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 116 رنز درکار ہیں، ایڈجائس 39 اور ولیم پورٹرفیلڈ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے 310 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی تھی، فہیم اشرف 83 اور شاداب خان 55 رنز بنا کر نمایاں رہے، ٹم مورتگ نے 4 اور تھامسن نے 3 وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

اتوار کو ڈبلن میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم نے 268 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو فہیم اشرف 61 اور شاداب خان 52 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پانچویں ہی اوور میں مورتگ نے شاداب کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، شاداب 55 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، 304 کے سکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ گری جب فہیم اشرف 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد تھامسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، محمد عامر 13 رنز بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد نے 310 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز ڈیکلیئر کر دی، عباس 4 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ٹم مورتگ نے 4، تھامسن نے 3 اور رینکن نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں آئرش ٹیم پہلی اننگز میں 130 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، میزبان ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 7 کے سکور پر اس کے 4 کھلاڑی آئوٹ ہو گئے، عباس اور عامر نے اوپنرز اور ٹاپ آرڈرز کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی، ایڈجائس 4، بلبرائن اور نیل اوبرائن صفر اور کپتان ولیم پورٹرفیلڈ ایک رن بنا سکے، 36 کے مجموعی سکور پر سٹرلنگ 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند کا نشانہ بنے، 61 کے سکور پر آئرلینڈ کی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گر گئیں، تھامسن 3 اور کین بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، 73 کے سکور پر آئرلینڈ کی آٹھویں وکٹ گری جب کیون اوبرائن 40 رنز بنانے کے بعد عامر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، ولسن اور رینکن نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 107 کے سکور پر عباس نے رینکن کو آئوٹ کر دیا، رینکن نے 17 رنز بنائے، 130 کے سکور پر آئرلینڈ کی آخری وکٹ گری جب مورتگ 5 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر شاداب کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اسطرح آئرلینڈ کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا، عباس نے 4، شاداب نے 3، عامر نے 2 اور فہیم نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، آئرلینڈ نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 64 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 116 رنز کی ضرورت ہے، ایڈجائس 39 اور پورٹرفیلڈ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :