صوبے بھر کے عوام کویکساں حقوق اور متوازن ترقی کے مواقع فراہم کرنا جمہوریت کی خوبصورتی ہے،گورنر بلوچستان

اتوار 13 مئی 2018 23:20

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے عوام کویکساں حقوق اور متوازن ترقی کے مواقع فراہم کرنا جمہوریت کی خوبصورتی ہے تاکہ معاشرے میں محرومی اور نا برابری کی صورتحال پیدا نہ ہو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اتوار کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ضلع قلعہ عبداللہ کے مختلف قبیلوں کے معتبرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

وفد ادوزئی ، علیزئی اور اچکزئی وغیرہ کے قبائل کے سو سے زیادہ سرکردہ افراد پر مشتمل تھا ۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں آج بھی وہاںکے عوام ان بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور فراہمی کے مطالبے حکومت سے کررہے ہیں جو بنیادی سہولتیں ان سب کو بلا امتیاز بن مانگے ملنی چاہیں تھیں۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ ہماری شروع سے بھر پور خواہش اور کوشش ہے کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ صوبے کے دور آفتادہ بالخصوص دیہی علاقوں کے عوام کو بھی ان کی دہلیز پر فراہم کرسکیں جس میں پچھلے چار سالوں کے دوران ہی کافی حدتک کامیاب اور سر خرو ہوچکے ہیں اور اب بھی بھر پور کوششیں جاری ہیں ۔

وفد کے سرکردہ افراد نے گورنر بلوچستان ضلع قلعہ عبداللہ کے تمام عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چمن سے کوئٹہ جاتے ہوئے چیک پوسٹوں پر مسافروں سے بے جاء تلاشی لی جاتی ہے اور خواتین ، مریض ، ملازموں اور کاروباری افراد کا قیمتی وقت ضائع ہوجاتا ہے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ قومی شناختی کے حصول کو آسان بنانے کیلئے مزید نادرا کے دفاتر قائم کئے جائیں اور صحت ، تعلیم بالخصوص صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اشد ضرورت ہے ۔

گورنر بلوچستان نے ان کے مسائل و مشکلات کو غور اور توجہ سے سنا اور کہا کہ ہم عوام کے بنیادی مسائل و مشکلات کا ادراک رکھتے ہیں ۔ آپ سب کی تکالیف سے بخوبی آشنا ہیں اور خلق خدا کی بے لوث خدمت پر مکمل یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔