دبئی مال کے باہر 11 گاڑیوں میں لگنے والی آگ حادثہ نہیں تھا

دبئی مال کے باہر 11 گاڑیوں میں لگنے والی آگ کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا

Sadia Abbas سعدیہ عباس پیر 14 مئی 2018 10:24

دبئی مال کے باہر 11 گاڑیوں میں لگنے والی آگ حادثہ نہیں تھا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) پولیس ذرائع نے مقامی میڈیا خلیج ٹائمز کو بتایا ہے کہ دبئی کے ایک شاپنگ مال کے باہر پارکنگ میں 11 گاڑیوں میں لگنے والی آگ کوئی حادثہ نہیں تھا بلکہ وہ آگ مبینہ طور پر جان بوجھ کر لگائی گئی تھی ۔ مزید تفصیلات کے مطابق پولیس نے گاڑیوں میں لگنے والی آگ کے ذمہ دار ایشائی ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے ۔

تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ایشیائی ڈرائیور نے اپنے ساتھی کے ساتھ جھگڑے کے بعد گاڑی میں آگ لگا دی تھی ۔ یہ حادثہ گزشتہ ہفتے دبئی آوٹ لیٹس مال کے باہر پارکنگ میں پیش آیا تھا ۔ آگ لگنے کا ذمہ دار ڈرائیوردبئی کے اس مال کے اسٹاف کارکن کو منتقل کرتا تھا ۔ ہفتے کے روز جب وہ اسٹاف کارکنوں کو منتقل کررہا تھا تو اس کا جھگڑا اپنے ہم وطن ساتھی ڈرائیور سے ہو گیا تھا جس کے بعد اسنے اپنے ساتھی ڈرائیور سے بدلہ لینے کے لیے گاڑی میں لائیٹر جلا کر پھینک دیا تھا جسکی وجہ سے اس ایک گاڑی میں لگنے والی آگ نے پارکنگ میں کھڑی 10مزید گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا ۔

(جاری ہے)

عدالتی ریکارڈ کے مطابق پولیس نے تحقیقات سے پتہ چلایا ہے کہ مال کے باہر پارکنگ میں جس جگہ گاڑی کھڑی تھی وہ جگہ نہایت ہی محفوظ تھی اور اسکے آس پاس کسی قسم کا کوئی آتشی مواد بھی موجود نہیں تھا ۔ مزید تحقیقات سے پولیس کو پتہ چلا ہے کہ آگ ایشیائی ڈرائیور نے جان بوجھ کر لگائی تھی ، اس لیے پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے ایشائی ڈرائیور کو گرفتار کیا جو کہ ریاست چھوڑ کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا ۔

گرفتار ہونے والی ایشائی ڈرائیور کے ہاتھ بھی جلے ہوئے تھے جس سے صاف ظاہر ہو رہا تھا کہ آگ اسنے جان بوجھ کر لگائی ہے ۔ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا ہے ۔ تاہم کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس اور فائرفائیٹرز ٹیم کی بروقت کاروائی کے بعد پارکنگ کی جگہ کو فوری خالی کروا لیا گیا تھا ۔ تاہم پارکنگ والے علاقے کی تعمیرو مرمت کے لیے اسے بند کر دیا گیا ہے۔