ایران سے کاروبار پر یورپی فرموں پر امریکی پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں ،جان بولٹن

پیر 14 مئی 2018 10:30

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والی یورپی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں جبکہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کا ایران کے ساتھ ایک نیا جوہری سمجھوتا طے پا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سی این این کو دیئے گئے انٹرویو میں جان بولٹن نے کہا کہ اگر یورپی کمپنیاں ایران کے ساتھ کاروبار جاری رکھتی ہیں تو کیا امریکا ان کے خلاف بھی پابندیاں عائد کر ے گا،اس کے جواب میں انھوں نے کہا کہ یہ ممکن ہے اور اس کا انحصار دوسری حکومتوں کے طرز عمل پر ہے۔انھوں نے اس حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے خیال میں یورپی اسی میں اپنا مفاد سمجھیں گے کہ وہ بھی ہمارے ساتھ آ ملیں ۔

جان بولٹن کا کہنا تھا کہ یورپ ابھی تک صدر ٹرمپ کے 8 مئی کے اقدام کو ہضم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئیکہا کہ آئندہ دنوں اور ہفتوں میں ہم ایک ایسے معاہدے پر متفق ہوسکتے ہیں جو حقیقی معنوں میں کام کرے گا اور وہ دنیا کو ایران کے جوہری پروگرام اور میزائلوں سے نہیں بلکہ اس کے بٴْرے کردار سے بھی بچائے گا۔