سیاحتی مقامات کی تشہیر کے لیے دستاویزی فلم بنانے کا فیصلہ

معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد سیاحتی مقامات کی شوٹنگ کا شیڈول بھی تیار کیاجائے گا

پیر 14 مئی 2018 11:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اورآئی ایس پی آر مشترکہ طور پر ملک کے سیاحتی مقامات کی ترویج و تشہیر کیلیے دستاویزی فلم تیارکرے گی۔پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن اورآئی ایس پی آر کے مابین بہت جلد معاہدہ اور سیاحتی مقامات کی شوٹنگ کا شیڈول طے پائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکیومنٹری میں کراچی اورگورادرکے ساحل سمندر سے لیکردنیاکی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، نانگا پربت ودیوسائی سمیت ملک کے تمام خوبصورت اور سیاحتی مقامات کوکورکیاجائے گا اوراس کے ذریعے دنیاکو پاکستان کاایک خوبصورت چہرہ دکھایا جائے گا۔

باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی ڈی سی اورآئی ایس پی آرنے مشترکہ طورپرملک کے سیاحتی مقامات کی قومی وبین الاقوامی سطح پرترویج وتشہیر کیلیے جامع ڈاکیومنٹری بنانے کافیصلہ کیا ہے۔پی ٹی ڈی سی حکام نے اس ضمن میں آئی ایس پی آر کے حکام سے متعدد ملاقاتوں کے دوران معاملات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ اس ضمن میں دونوں اداروں کے مابین جلد معاہدے طے پائیگا،معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد سیاحتی مقامات کی شوٹنگ کا شیڈول بھی تیار کیاجائے گا۔