ایرانی پاسداران انقلاب نے یورپ کو خیرباد کہنے کی دھمکی دے ڈالی

یورپ نے جوہری معاہدے کے حوالے سے ضمانت نہ دی تو ایران اپنا جوہری پروگرام جاری رکھے گا،کمانڈرمحمدعلی جعفری

پیر 14 مئی 2018 11:50

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد علی جعفری نے دھمکی دی ہے کہ اگر یورپ نے جوہری معاہدے کی خصوصیات سے استفادے کے حوالے سے ایران کو ضمانت نہ دی تو تہران اپنا جوہری پروگرام جاری رکھے گا۔ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق اپنے خطاب میں جعفری نے باور کرایا کہ یورپی ممالک بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ وہ امریکی پابندیوں کے سامنے کھڑے نہیں ہو سکتے ہیں۔

ہم نے یورپیوں کو موقع دیا تاہم ان پر لازم ہے کہ وہ ضمانت دیں۔ البتہ میں اسے خارج از امکان قرار دیتا ہوں کہ وہ ایسا کریں گے۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ داخلی توانائی پر انحصار کر کے جوہری صنعت کا سفر جاری رکھیں۔پاسداران انقلاب کے کمانڈر نے مغربی دنیا کے لیے کشادگی اور جوہری پروگرام سے متعلق بات چیت کے حوالے سے ایرانی صدر حسن روحانی کی پالیسی پر کڑی تنقید کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برسوں جاری رہنے والے مذاکرات کے نتیجے میں جوہری معاہدہ سامنے آیا۔ تاہم یہ پابندیوں کو روکنے کے بجائے ایران پر پابندیاں سخت کر دینے کی راہ ہموار کرنے کا سبب بن گیا۔گزشتہ چند روز کے دوران ایران کی اٴْن عسکری دھمکیوں کے لہجے میں نرمی آئی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ جوہری معاہدے سے امریکا کے دست بردار ہونے کی صورت میں امریکی مفادات کو نشانہ بنایا جائے گا۔