ایران اور قطر کی مشترکہ اقتصادی کمیٹی کا دوحہ میں دوروزہ چھٹا اجلاس

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان بہت سے تصفیہ طلب امور پر غور کیا جائے گا

پیر 14 مئی 2018 11:50

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) ایران کے سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے 70 ماہرین اور کاروبای شخصیات پر مشتمل ایک وفد قطر کے ساتھ مشترکہ اقتصادی کمیٹی کے دو روزہ اجلاس میں شرکت کے لیے دوحہ پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت ایران کے نائب وزیر صنعت اور معدنیات محمد رضا فیاض کررہے ہیں۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان بہت سے تصفیہ طلب امور پر غور کیا جائے گا۔

محمد رضا فیاض نے بتایا کہ پانچ مشترکہ کمیٹیوں کے خصوصی اجلاس ہوں گے اور ان میں تجارت ، معدنیات ، کسٹمز ، تیل ، پیٹرو کیمیکلز ، برآمدات اور بنک کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق مختلف امور پر غور کیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ ایران اور قطر کے درمیان قریبی تعاون ایک نئی سمت اختیار کررہا ہے اور یہ دونوں ممالک میں تعلقات کی مضبوطی کی جانب آگے بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

قطر کے ساتھ تجارت کا حجم اگرچہ بہت تھوڑا ہے لیکن مناسب منصوبہ بندی کے بعد دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔نائب وزیر کا کہنا تھا کہ ایر ان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں کوئی سنجیدہ رکاوٹ حائل نہیں ہے اور انھیں توقع ہے کہ منصوبہ بند پروگراموں کے ذریعے مطلوبہ نتائج حاصل کر لیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :