تو پھر آپ نے ضرب عضب کس کے خلاف کیا تھا ؟ نان اسٹیٹ ایکٹر سے متعلق سوال پر مریم نواز کا جواب

آپ نہ بولیں، سابق وزیراعظم نواز شریف نے مریم نواز کو خاموش رہنے کی تلقین کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 مئی 2018 12:17

تو پھر آپ نے ضرب عضب کس کے خلاف کیا تھا ؟ نان اسٹیٹ ایکٹر سے متعلق سوال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مئی 2018ء) : سابق وزیراعظم نوازشریف کا ممبئی حملوں سے متعلق دو روز قبل دئے گئے متنازعہ بیان نے ملک میں ہلچل کی سی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ ایک طرف جہاں مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف کے اس بیان کا دفاع کررہے ہیں وہیں دوسری جانب سیاسی حریفوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف اپنا یہ بیان واپس لیں۔ آج صبح احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنے بیان پر ڈٹے رہے۔

کہا کہ میں نےکیا کہا ہے مجھے تو یہ بتائیں، آپ اخبار نکالیں اور آرٹیکل پڑھیں۔نواز شریف نے کمرہ عدالت میں اپنے موبائل فون سےصحافیوں کو آرٹیکل پڑھ کر سنایا اور کہا کہ اس کی تصدیق میں نہیں کئی لوگ کرچکےہیں۔ جنرل مشرف،جنرل درانی اورجنرل پاشا بھی تصدیق کرچکےہیں، مجھے یہ بتائیں نان اسٹیٹ ایکٹر گئے یا نہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نےدہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی لیکن ملک کو ایٹمی قوت بنانے والے کو غدار قرار دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سوال اُٹھایا کہ کیا محب وطن وہ ہیں جنہوں نے اکہتر میں ملک توڑا؟ یا وہ جنہوں نے آئین توڑا۔ یا پھروہ ہیں جنہوں نے کراچی میں خون کی ہولی کھیلی۔اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں حق بات کہتاہوں چاہے کچھ بھی سننا پڑے۔ بھارتی کلبھوشن یادیو نے ہمارے ملک میں جاسوسی کی۔ میں نے پوچھا تھا کہ دہشتگرد 150 لوگوں کو مارنے کیوں گئے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ بولے حق بات کہتا ہوں اور کہتا رہوں گا۔ قومی، دینی اوراخلاقی فرض سے بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ بی بی سی کے مطابق نان اسٹیٹ ایکٹر سے متعلق بیان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ پھر آپ نے ضرب عضب کن کے خلاف کیا تھا ؟ جس پر نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو خاموش رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ آپ نہ بولیں۔