ْدین اسلام کی حقیقت سے ناواقف مبلغین دعوت کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں، شیخ صالح بن عبدالعزیز

پیر مئی 12:25

مکہ مکرمہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ صالح بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا ہے کہ دین اسلام کی حقیقت سے ناواقف مبلغین دعوت دین کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق مکہ مکرمہ میں مسلم وزرائے اوقاف کی مجلس عاملہ کے گیارہوں اجلاس سیخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نیا اجلاس اسلام کے تعارف ، پیغام دعوت کی ترسیل ، مسجد کے پیغام کی ادائیگی اور اسلامی جدوجہد کے مستقبل کے حوالے سے بہت سارے اضافوں کا باعث بنے گا۔

شیخ صالح نے کہا کہ مساجد کے پیغام ، اسلامی دعوت کے فہم ، اسلام کے تعارف اور پیغمبر رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کے تعارف کی ذمہ داری ہمارے اوپر عائد ہوتی ہے۔ مسلم ممالک میں اسلامی امور کی وزارتوں کو سب سے پہلے مساجد پر دھیان دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد سب سے پہلا کام مساجد کی تعمیر ہی کی شکل میں کیا تھا۔

ہمیں مساجد کے ائمہ ، خطیبوں ، اذان دینے اور خدمت کرنے والوں پر بہت زیادہ توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اسلامی دعوت کا کام بڑے اور گہرے چیلنجوں سے دوچار ہے۔ سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ دعوت کے کام میں ایسے لوگ لگ گئے ہیں جو اسلامی شریعت سے ناواقف ہیں۔ انہیں اسلامی عقائد اور تفسیر و حدیث میں علماء کے اقوال کا علم نہی ہے۔ وہ اسلام کے اندر کشادگی اور نبی اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمدلی سے واقفیت نہیں رکھتے۔ اجلاس میں پاکستان ، مصر،، اردن، مراکش، کویت، انڈونیشیا اور زمبیا کے وزراء شریک تھے۔