ثناء چیمہ کے قتل کیس میں مزید 2 ملزمان نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیے گئے

پیر 14 مئی 2018 13:09

ثناء چیمہ کے قتل کیس میں مزید 2 ملزمان نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثناء چیمہ کے قتل کیس میں مزید 2 ملزمان نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیے گئے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ملزمان اعجاز خضر اور فراز خضر استنبول فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جنہیں ایف آئی اے نے حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے جہلم پولیس سے ملزمان کی حوالگی کیلئے رابطہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 18 اپریل کو گجرات کے گاؤں منگووال غربی میں 26 سالہ پاکستانی نڑاد اطالوی شہری ثناء چیمہ کی موت کی رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم اہلخانہ نے موت کو طبعی قرار دے کر ان کی تدفین کردی تھی۔بعدازاں سوشل میڈیا اور اطالوی میڈیا پر یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ ثناء چیمہ کو قتل کیا گیا ہے جس کے بعد معاملے کی تحقیقات کے بعد قبر کشائی کی گئی اور فورنزک رپورٹ میں تصدیق ہوئی کہ ثناء چیمہ کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔پولیس کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتولہ اٹلی میں شادی کرنا چاہتی تھی تاہم اس کے والد اور دیگر اہلخانہ اس کے خلاف تھے۔ پولیس کے مطابق قتل کے شبہ میں مقتولہ کے والد غلام مصطفی، بھائی عدنان مصطفی اور چچا مظہر اقبال زیرحراست ہیں۔