دبئی میں درجہ حرارت بڑھ گیا ،

امارات بھر میں گرد وغبار کا زرد طوفان دمے ، سینے اور گلے کے امراض کا شکار افراد گرد وغبار سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں،طبی ماہرین

پیر 14 مئی 2018 13:19

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) دبئی شہرمیںمیں گردوغبار اور زرد رنگ کے ریت کے طوفان نے متحدہ عرب امارات کے کم وبیش تمام علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔طوفان سے فضا میں ریت کے ذرّات میں اضافہ ہو گیا ہے اور امارات کے بہت سے مکینوں نے الرجی کا شکار ہونے کی شکایات کی ہیں ۔ادھر طبی ماہرین نے دمے ، سینے اور گلے کے امراض کا شکار افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرد وغبار سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔

میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ شارجہ ، دبئی اور فجیرہ میں 50 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے طوفانی آندھی آسکتی ہے ۔اس نے ڈرائیوروں کو بھی خبردار کیا کہ طوفان کے دوران میں احتیاط سے گاڑیاں چلائیں کیونکہ گرد وغبار کی وجہ سے بصارت متاثر ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

یو اے ای کی اہم شاہراہوں پر ریت کے طوفان کی وجہ سے چند میٹر کے فاصلے پر بھی کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔

محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق یو اے ای کو اس وقت بادِ شمال کا سامنا ہے۔اس کا یہ مطلب ہے کہ شمال سے شمال مغرب میں تند و تیز آندھیاں اور جھکڑ چل رہے ہیں اور ساحلی اور اندرونی علاقوں میں ریت کا طوفان چھایا ہوا ہے۔شمالی ہوائیں سعودی عرب سے آ رہی ہیں اور وہ اپنے ساتھ گرد وغبار کو بھی یو اے ای میں لارہی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدہ دار کے بہ قول ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ کب تک یہ تیز ہوائیں چلتی ر ہیں گی کیونکہ اس کا انحصار ہوا کے دباؤ اور دوسرے عوامل پر ہے۔گزشتہ روز دبئی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا اور یہ پیشین گوئی کی گئی ہے کہ منگل تک موسم اسی طرح گرم رہے گا۔