تہاڑ جیل میں نظر بند حریت رہنمائوں کو علاج معالجے سمیت بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے ‘نیشنل فرنٹ

بھارت نعیم احمد خان اور دیگر رہنمائوں کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کی ہرممکن کوشش کر رہاہے

پیر 14 مئی 2018 13:22

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںوکشمیر نیشنل فرنٹ نے کہاہے کہ نئی دلی کی تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں کو علاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جار ہا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکومت پارٹی چیئرمین نعیم احمد خان سمیت غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں کی نظربندی کو طول دینے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ نعیم احمد خان اور دیگر حریت رہنمائوںکو تہاڑ جیل میںعلاج معالجے کی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے انکی صحت تیزی سے گررہی ہے اور ان کی زندگیوںکو خطرہ لاحق ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت حریت رہنمائوں کو مسلسل غیر قانونی طورپر نظربند رکھے ہوئے ہے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں انکے حق پر مبنی سیاسی موقف کا اس کے پاس کو ئی جواب موجود نہیں ہے ۔

نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے مختلف جیلوں میں نظربند کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زارتشویشناک قراردیتے ہوئے کہاکہ جیل انتظامیہ انکے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھے ہوئے ہے اور علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہا ہے ۔