Live Updates

ملک دشمن بیان پر نواز شریف کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع

نواز شریف کو گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلایا جائے اور نواز شریف کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی جائے، قرارداد کا متن

پیر 14 مئی 2018 13:32

ملک دشمن بیان پر نواز شریف کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف نے ملک دشمن بیان پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلایا جائے اور نواز شریف کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی جائے۔تفصیلات کے مطابق ممبئی حملوں سے متعلق بیان پر نواز شریف کے خلاف پیرکوپاکستان تحریک انصاف نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے ،قرارداد رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مطالبہ کیاگیاہے کہ ایوان نواز شریف کو گرفتار کرکے غداری کا مقدمہ چلایاجائے ۔قرار داد میں نواز شریف کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ نوازشریف متنازع بیان کی آڑمیں ملکی تشخص بری طرح متاثر کررہے ہیں۔بعدازان میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہاکہ نوازشریف پرغداری کامقدمہ چلایاجائے، ممبئی حملوں پرنوازشریف کامتنازع بیان وطن سے غداری ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی بھارت نوازی میں اب کوئی شکوک و شبہات نہیں رہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی نوازشریف کے بیان کی مذمت کرے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات