پی آئی اے کے پہلے طیارے کی کلراسکیم کی تبدیلی کا کام مکمل

کلر اسکیم اوردم کی تبدیلی کے ساتھ ائر بس 320 طیارہ کی کامیاب آزمائشی پرواز کی گئی

پیر 14 مئی 2018 13:40

پی آئی اے کے پہلے طیارے کی کلراسکیم کی تبدیلی کا کام مکمل
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) پی آئی اے کے پہلے طیارے کی دم اور کلر اسکیم کی تبدیلی کا کام مکمل ہوگیاہے، کلر اسکیم اوردم کی تبدیلی کے ساتھ ائر بس 320 طیارہ کی کامیاب آزمائشی پرواز کی گئی، سپریم کورٹ نے جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق تبدیلی کے ضمن میں طیارے کی دم اورانجنز پر پاکستان کے قومی نشان مارخور کی تصاویر لگائی گئی ہیں، طیارے کے باہر دونوں جانب اردو اور انگریزی میں پی آئی اے کے علاوہ پاکستانی پرچم بھی پینٹ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بی ایل یو رجسٹریشن کا حامل ائر بس طیارہ تبدیلی پراجیکٹ کے لئے مختص طیاروں میں سے ایک ہے، تبدیلی کے ابتدائی پراجیکٹ میں بوئنگ 777 اور ائر بس طیاروں کو شامل کیا گیا ہے۔مذکورہ طیارہ کی دم اور کلر اسکیم کی تبدیلی کا کام کر اچی انجینئرنگ میں غیر ملکی ٹیم نے مکمل کیا، ذرائع کے طابق پہلے طیارے کی کلر اور دم کی تبدیلی کے حوالے سے ٹیم کو 50 ہزار ڈالرز کی ادائیگی کی گئی ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے طیاروں کی دم میں تبدیلی کے حوالے سے سپریم کورٹ نے بھی انتظامیہ سے وضاحت طلب کر رکھی ہے، ایم ڈی پی آئی اے مشرف رسول نے عدالت عظمی کو بتایا ہے کہ اب تک صرف ایک طیارے کوہی پینٹ کیا گیا ہے، بقیہ طیاروں کو رنگ نہیں کریں گے۔