بیرن گلی کے عوام کا این اے 15 سے مرتضیٰ جاوید عباسی کی بھرپور حمایت کا اعلان

پیر 14 مئی 2018 14:01

ایبٹ آباد۔ 15 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) ایبٹ آباد کی دیہی یونین کونسل بیرن گلی کی عوام نے حلقہ این اے 15 سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے مرتضیٰ جاوید عباسی کے علاوہ حلقہ سے کسی بھی امیدوار کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بیرن گلی میں 6 کروڑ 25 لاکھ روپے کے ٹاورز سمیت ایک کروڑ 17 لاکھ روپے کے بجلی کے منصوبوں کا افتتاح کر دیا جبکہ بیرن گلی کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے بھی 19 کروڑ روپے کا فنڈ منظور کروا لیا گیا ہے۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی جب بیرن گلی کے دورہ پر وہاں پہنچے تو اہلیان علاقہ نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) بیرن گلی کے صدر محمد عظیم، چیئرمین محمد سلیم، سردار ذوالفقار اور دیگر نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے حلقہ این اے 15 کے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، آئندہ انتخابات میں ہمیں مرتضیٰ جاوید عباسی کے علاوہ کوئی امیدوار قبول نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس موقع پر بیرن گلی میں موبائل سگنلز کے مسئلہ کے حل کیلئے چھ کروڑ 25 لاکھ روپے کے ٹاورز اور ایک کروڑ 17 لاکھ روپے کے بجلی کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں کی عوام کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہیں، بیرن گلی کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے وزیراعظم سے 19 کروڑ روپے کا فنڈ منظور کر لیا ہے جس سے حلقہ کے عوام کی محرومیاں ختم ہوں گی۔