کینن فوم چیلنج کپ، سروس کلب ،گڑھی شاہو جم خانہ اور ینگ لکی سٹار کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

پیر 14 مئی 2018 14:33

لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) سروس کلب ،ینگ لکی سٹاراور گڑھی شاہوجم خانہ نے اپنے اپنے میچ جیت کر گولڈن سٹارکلب کے زیر اہتمام جاری پہلے کینن فوم چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا،عامر میموریل ،مسلم آباد جم خانہ اور کینٹ جم خانہ کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں ۔پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ نمبر دو پر سروس کلب نے عامر میموریل کلب کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ۔

سروس کلب کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے عامر میموریل کی پوری ٹیم 110رنز بناکر آئوٹ ہو گئی ۔راناجمشید 22اور عرفان حمید 13رنز بناکر نمایاں رہے ۔سروس کلب کی طرف سے تہران خان اور محمد علی نے تین تین رضاعثمان نے دو اور برائن بھٹی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

(جاری ہے)

جواب میں سروس کلب نے 19ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 112رنز بناکرمیچ میں کامیابی حاصل کرلی ۔

رضا عثمان 49ناٹ آؤٹ اور محمد علی 20رنز بناکر نمایاں رہے ۔عامر میموریل کلب کی طرف سے عرفان علی نے دو جبکہ سید محمد وقاص اور عرفان حمید نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔عمدہ آل رائونڈ کارکردگی پر رضاعثمان کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔گراؤنڈ نمبر ایک پر گڑھی شاہوجم خانہ نے کینٹ جم خانہ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ۔کینٹ جم خانہ نے پہلے کھیلتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر 257رنز بنائے ۔

جمیل اسلم 94، آفاق شاہد 72،زبیر بٹ 26اور حماد ستار 23رنز بناکر نمایاں رہے ۔گڑھی شاہو جم خانہ کی طرف سے زاہد خان اور عمیر شفیق نے دودو جبکہ آصف گوندل ،ذیشان اکرم اور فہدلیاقت نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔جواب میں گڑھی شاہو جم خانہ نے ایک گیند قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر 258رنز بناکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ۔سلمان علی 85،صائم ایاز 62،اور آصف گوندل 46نز بناکر نمایاں رہے ۔

کینٹ جم خانہ کی طرف سے رضوان فیصل نے دو جبکہ فیضان رسول ،جمیل اسلم اور آفتاب بخش نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ،ذمہ دارانہ بلے بازی پر گڑھی شاہو جم خانہ کے کپتان سلمان علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔گراؤنڈ نمبر تین پر ینگ لکی سٹار کلب نے مسلم آباد جم خانہ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی ۔مسلم آباد جم خانہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 35اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 151رنزبنائے ۔

مدثر عباس زیدی 38،اظہر وحید 24اور کامران خان 22رنز بناکر نمایاں رہے ۔ینگ لکی سٹار کلب کے شیروز افضل نے پانچ اور عمران ڈوگر نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔جواب میں ینگ لکی سٹار کلب نے 31ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 156رنز بناکر میچ میںکامیابی حاصل کرلی ۔عمران ڈوگر 47،حیدر علی 35اور سلمان فیاض 21رنز بناکر نمایاں رہے ،مسلم آباد جم خانہ کی طرف سے یاسر علی اور مدثر عباس زیدی نے دودو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔میچ میں بہترین باؤلنگ پر ینگ لکی سٹار کلب کے شیروز افضل کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔