جیلوں میں قیدیوں کو پینے کے ٹھنڈے پانی ،

پنکھوں سمیت تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

پیر 14 مئی 2018 14:33

فیصل آباد۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں آئی جی جیلخانہ جات پنجاب نے تمام جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما کی شدت کے پیش نظر جیلوں میں موجود قیدیوں کو پینے کے ٹھنڈے پانی، پنکھوں سمیت تمام سہولیات فوری بہم پہنچائی جائیں اور بیمار قیدیوں کو بھی علاج معالجہ کی بہم رسانی کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ جیلوں میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

محکمہ جیلخانہ جات فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایا کہ تمام جیلوں میں اسیرو ں کو گرمی سے بچانے کیلئے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جیلوں کو حقیقی معنوں میں اصلاح خانے بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور قیدیوں کی مشکلات کے حل کی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ جیل حکام خود بھی جیلوں کے دوروں کے دوران وہاں واٹر کولرز ، پنکھوں ، ایگزاسٹ فینز وغیرہ کی تنصیب اور ہسپتالوں کی صورت حال سمیت کھانوں کا معیار چیک کر رہے ہیں اور تمام جیل حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے بتایا کہ اگر اچانک دورے کے موقع پر کسی جیل میں غیر معیاری انتظام پایا گیا تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔