کسی بھی معاشرے میں صحافت کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا‘شاہ غلام قادر

پل ٹوٹنے کے حادثے کے بعد پوری فضا سوگوار ہے‘ ہم لواحقین کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں‘قائمقام صدر آزاد کشمیر

پیر 14 مئی 2018 14:48

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) قائمقام صدر آزاد کشمیرنے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی اور ہر ممکنہ طریقہ سے اُن کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ اُنہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں صحافت کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ضرورت اس امر کی ہوتی ہے کہ حق سچ کے دامن کو نہ چھوڑا جائے۔

کیونکہ اصل صحافت کا یہی زیور ہے۔شاہ غلام قادر قائمقام صدر آزاد کشمیر نے گزشتہ روز کے پُل ٹوٹنے کے حادثہ پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری فضا سوگوار ہے اور ہم لواحقین کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے ہر ممکنہ طبی امداد جاری ہے۔انہوں نے ریسکیو اور ڈیڈ باڈیز کی ریکوری کے عمل میں پاک آرمی کے کردار کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے شُکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک آرمی ہر مُشکل کی گھڑی میں مدد کے لیے پیش پیش رہتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سانحہ کے دوران سول انتظامیہ کی کارکردگی کو بھی اُنہوں نے سراہا۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر ریسکیو پرسنلز کی کارکردگی کو بھی زبردست طور پر سراہا۔ اسکے علاوہ اُنہوں نے عام عوام جنہوں نے انسانی ہمدردی کے تحت اپنی جانوں پر کھیل کر سیاحوں کو بچایا اور اُن کی ہر ممکن مدد کی اُن کے عمل کو بھی بے حد سراہا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہلاک شُدگان اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں سے آنے والے افراد کو یہاں ہر طرح کی سہولت کی فراہمی جاری ہے اُنہیں معلومات کی فراہمی میں انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وادیء نیلم میں قائم تمام پُلوں کے معائنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک سانحوں سے بچا جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے میرٹ کا بول بالا کیا ہے اور پیسوں کے عوض بھرتیاں اب قصہء پارینہ ہے۔ اب وہ دور نہیں رہا کہ میرٹ کو بالائے طاق رکھ کر پیسوں کے عوض بھرتیاں ہوں۔نیلم میں سڑکوں کے معیار کو شاندار کر رہے ہیں تاکہ ٹورازم کو فروغ حاصل ہو۔

ماربل تا اٹھمقام بین الاقوامی معیار کے مطابق سڑک بن رہی ہے۔آمد ہ مالی سال میں مزید 70کلو میٹر سڑک نیلم میں رکھ رہے ہیں۔نیلم ہسپتال میں 86آسامیاں تخلیق کیں۔ اسکے علاوہ دور دراز علاقوں کے عوام کی سہولت کے لیے ایمبولینس خرید رہے ہیں تاکہ بیماروں اور زخمیوں کو بروقت میڈیکل ٹریٹمنٹ مل سکے۔ جہاں تک ڈاکٹرز کی دستیابی کا معاملہ ہے ، اب بھی 10پوسٹیں خالی ہیں جن کو جلد پُر کر رہے ہیں اس سے عوام کو مزید آسانیاں میسر ہو نگی۔

قائمقام صدر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ نیلم میں جلد عوام کو بجلی کی مُشکلات سے چُھٹکارہ حاصل ہو جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ میں سیاست کو عبادت سمجھ کر تا ہوں اور ہر ایک کی عزت کرتا ہوں۔ تمام سیاستدانوں اور صحافی حضرات کی عزت کرتا ہوں، خلاف حقائق اور غیر ذمہ دارانہ سیاست اچھی بات نہیں۔