لورالائی میں پسند کی شادی کے اظہار پر باپ نے بیٹے کی دونوں آنکھیں نکال لیں

پولیس نے تمام ملزمان کو آلہ واردات سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا

پیر 14 مئی 2018 15:09

لورالائی میں پسند کی شادی کے اظہار پر باپ نے بیٹے کی دونوں آنکھیں نکال ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پسند کی شادی کے اظہار پر باپ نے بیٹے کی دونوں آنکھیں نکال لیں۔میڈیا رپور ٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی میں پسند کی شادی کا اظہار کرنے والے نوجوان کو باپ اور بھائیوں نے ہمیشہ کیلئے بینائی سے محروم کردیا۔ ایس ایچ او تھانہ لارالائی مجیب الرحمان کے مطابق ناصر آباد میں دوست محمد نامی شخص نے اپنے دو بیٹوں عبدالکریم اور عبدالستار کے ساتھ مل کر چھوٹے بیٹے 25 سالہ عبدالباقی کی دونوں آنکھیں چھری سے نکال دیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور تمام ملزمان کو آلہ واردات سمیت گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شخص نے اپنے بیان میں اپنے والد اور بھائیوں کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ وہ پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا اور اس سلسلے میں لڑکی کے گھر والے ان کے گھر آئے تھے تاہم میرے گھر والے رشتے سے ناخوش تھے اور اسی بات پر تنازع ہوگیا جو تلخ کلامی سے ہاتھا پائی تک جاپہنچا، جس کے بعد والد نے 2 بھائیوں کے ساتھ مل کر چھری سے میری دونوں آنکھیں نکال دیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق نوجوان عبدالباقی کو علاج کے لئے کوئٹہ لایا گیا ہے جہاں نوجوان کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔