Live Updates

(ن) لیگ کے رہنمائوں کی سینکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت

انتخابات سے ملک کی تقدیر کا فیصلہ ہونا ہے ،عوام سوچ سمجھ کر ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں ‘جمشید اقبال چیمہ قوم کو نواز شریف کے بیان پر سخت تشویش ہے ،شہباز شریف بتائیں وہ کس طرف کھڑے ہیں ‘ سینئر نائب صدر

پیر 14 مئی 2018 15:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 136سے رہنمائوں نے سینکڑوں ساتھیوں سمیت غیر مشروط طور پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ۔ یہ اعلان انہوںنے تحریک انصاف پنجاب کے سینئر نائب صدر و این 136سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ سے ملاقات میں کیا ۔ شمولیت اختیار کرنے والے رہنمائوںمیںحاجی محمد سلیم ، میاں حسن،رانا بابر، مہر طارق، جاوید خان ، افتخار گجر سمیت دیگر شامل ہیں جنہوں نے کرپشن کے خلاف اور دو نہیں ایک پاکستان کی جدوجہد میں عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ نواز شریف کے حالیہ انٹر ویو نے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ اس سارے صورتحال میں شہباز شریف بتائیں وہ کس طرف کھڑے ہیں او ر ان کی وضاحت کی کیا حیثیت رہ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس سے واضح ہو گیا ہے کہ (ن) لیگ میںواضح تقسیم ہے اور اس حوالے سے پارٹی کی سطح پر واضح موقف سامنے آنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ پوری قوم اپنے وطن کے دفاع کیلئے متحد ہے اور کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اور پوری قوم کو نواز شریف کے بیان پر سخت تشویش ہے ۔انہوںنے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات سے ملک کی تقدیر کا فیصلہ ہونا ہے اس لئے عوام سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات