ترقیاتی منصوبے ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے عوامی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھ کر بنائے جائیں، سردار شجاع احمد

پیر مئی 15:14

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی2018ء) تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے عوامی مفادات کو ملحوظ خاطر رکھ کر بنائے جائیں جن سے عوام استفادہ حاصل کر سکیں، گلیات میں اہم مسئلہ رسائی کی سڑکوں کی کمی ہے جس کی وجہ سے بیماروں کو سڑک تک لانے میں عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں، جہاں عوام میلوں پیدل چل کر مریضوں کو کاندھوں پر اٹھا کر لانے پر مجبور ہیں، ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کا صاف و شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔

گلیات کے مختلف علاقوں میں وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اراکین عوامی امنگوں کے ترجمان اور سرکاری وسائل کے امین ہیں اور ان کے کاندھوں پر عوام کے مسائل کے حل کی بھاری ذمہ داری عائد ہے، ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کا صاف شفاف استعمال ممبران بلدیات کی ذمہ داری ہے جس کیلئے تمام نمائندگان کو بھرپور طریقہ سے نگہبانی کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلیات میں رابطہ سڑکوں کا فقدان ہی عوام کا اصل مسئلہ ہے جس کیلئے عوام کو میلوں پیدل سفر کر کے رابطہ سڑکوں تک رسائی حاصل کرنا پڑتی ہے جس سے باالخصوص مریضوں کو لانے میں بھرپور مشکلات درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی منصوبے ذاتی پسند و ناپسند کی بجائے اجتماعی مفادات کو مدنظر رکھ کر بنانے جانے چاہئیں تاکہ عوام ان منصوبوں سے بھرپور طریقہ سے استفادہ حاصل کر سکیں اور عوامی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری فنڈز کے استعمال کیلئے عوام مشترکہ طور پر منصوبے تشکیل دیں تاکہ اجتماعیت کو فروغ دیتے ہوئے علاقائی مسائل میں کمی کی جا سکے، تحصیل کونسل عوام کی مشکلات کے ازالہ کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے جس میں ویلج ناظمین، نائبین اور کونسلر بھی اپنا حصہ بھرپور طریقہ سے ڈال رہے ہیں۔