انجمن تاجران ٹانچی چوک کے صدر نے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں پر تاجر یونینوں کا اجلاس طلب کر لیا

پیر 14 مئی 2018 15:14

انجمن تاجران ٹانچی چوک کے صدر نے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں پر تاجر ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں پر تاجروں نے کمیٹی تشکیل دیدی۔ انجمن تاجران ٹانچی چوک کے صدر سردار شاہنواز نے فوڈ اتھارٹی کی کارروائیوں پر گذشتہ روز تمام تاجر یونینوں کا اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں اشیاء خوردونوش کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار شاہنواز، مفتی جعفر، بشیر بٹ اور دیگر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کی تاجروں کے خلاف کارروائیاں انتقامی ہیں، فوڈ اتھارٹی والوں کو چاہئے کہ وہ پہلے تاجروں کو اعتماد میں لیکر اپنی قانونی حیثیت اور طریقہ کار کے بارے میں ہمیں بتائے لیکن تاجروں کے ساتھ کسی بھی قسم کی مشاورت کے بغیر فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں نے کارروائیاں شروع کر دی ہیں جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اتفاق رائے سے فوڈ اتھارٹی سے مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں دودھ فروش یونین کے لیاقت قریشی، ایوان تجارت کے مفتی جعفر، نانبائی ایسوسی ایشن کے بشیر بٹ اور سردار عقیل، ہوٹل ایسوسی ایشن کے محمد رمضان، عمر بخاری، سبزی فروش یونین کے اقبال عباسی، کباب فروش یونین کے اکبر، جوس فروش یونین کے خان گل، پکوڑہ یونین کے حفیظ الرحمن قصاب، یونین کے صابر، خان گل، بیکری یونین کے راجہ حفیظ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :