بھارت کی مختلف ریاستوں میں آندھی اور شدید بارش سے کم از کم 65 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی، بڑے رقبے پر کھڑی فصلوں کو تقصان

پیر 14 مئی 2018 15:20

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) بھارت کی مختلف ریاستوں میں آندھی اور شدید بارش سے کم از کم 65 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گرد کے طوفان اور تیز بارش نے زیادہ تباہی دارالحکومت دہلی، ریاست اتر پردیش کے 25 اضلاع، مغربی بنگال اور آندھرا پردیش میں مچائی۔

(جاری ہے)

70 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والے مٹی کے طوفان نے معمولات زندگی معطل کردیے جبکہ آسمانی بجلی گرنے اور دیگر واقعات میں 65 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے جبکہ زخمیوں کی تعداد درجنوں میں ہے۔

بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں اتر پردیش میں ہوئیں جن کی تعداد 51 ہے جبکہ ریاست میں 28 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ریاست بنگال میں 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ طوفان، باد وباراں کے باعث بھاری مالی نقصان بھی ہوا ہے سیکڑوں مکانات گرگئے ، درخت اور بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا جب کہ بڑے رقبے پر کھڑی فصلوں کو تقصان پہنچا اور لوگ بڑی تعداد میں مویشیوں سے بھی محروم ہو گئے۔