محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کیلئے ڈینگی ریگولیشنز 2018کا نفاذ کردیا

پیر 14 مئی 2018 15:40

لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے ڈینگی سیزن شروع ہونے کے پیش نظر ڈینگی مچھر کی افزائش کی روک تھام کیلئے پنجاب پریونشن اینڈ کنٹرول آف ڈینگی ریگولیشنز 2018کا نفاذ کردیا ہے، یہ ریگولیشنز 30 نومبر تک صوبہ میں نافذ رہیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق شہری اپنے گھروں اور دیگر پراپرٹیز میں ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس ختم کرنے ، گھروں کے اندر صفائی رکھنے ، کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے کے ذمہ دار ہوں گے، ڈینگی سرویلنس کیلئے آنے والے سٹاف اور ڈینگی ٹیموں سے تعاون کریں گے۔

اگر کسی ہسپتال اور کلینکس میں ڈینگی کے مریض رپورٹ ہوں تو ہسپتال انتظامیہ اور نجی کلینک کا ڈاکٹر محکمہ صحت یا ہیلتھ انسپکٹرز کو مریضوں کے بارے ڈیٹا فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔ تمام ادارے اور سرکاری محکمے گزشتہ برسوں کی طرح ڈینگی ریگولیشنز کے ایس او پیز کے مطابق ڈینگی کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کریں گے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ کو یقینی بنایا جائیگا، یہ ریگولیشنز فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے۔