پنجاب کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی مہم کا آغاز

صوبائی دارالحکومت لاہور میں پائلٹ پروگرام شروع ، گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس سکول ماڈل ٹاؤن میں آگاہی سیمینار

پیر 14 مئی 2018 15:40

لاہور۔14 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی مہم کاآغاز کردیا ہے، اس ضمن میںسوموارکو صوبائی دارالحکومت لاہور میں پائلٹ پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل ماڈل گرلز ہائی سکول ماڈل ٹاؤن میں ایک آگاہی سیمینار ہوا جس میں سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی لاہور ڈاکٹر بشیر زاہد گورائیہ، پرنسپل سکول منور تبسم،وزیراعلیٰ سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے ٹیم لیڈر عبدالملک، حمزہ طارق، سماجی تنظیم فینکس فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر نورالزمان رفیق اور سوشل ورکر شائستہ خاور نے لیکچرز دیے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ قوم کے مستقبل کے معماروں کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے سکولوں کے بچوں میں منشیات کے نقصانات کا شعور بیدار کرنے کی ضرورت کو محسوس کیا اور اس کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا، ابتدائی طور پر لاہور کے 5سکولوں میں محکمہ تعلیم، ایس ایم یو اور فینکس فاؤنڈیشن مل کر آگاہی مہم چلائیں گے جس کے بعد اس پروگرام کا دائرہ کار صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں تک وسیع کردیا جائیگا، مقررین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بعض جگہوں پر ٹافیوں یا سویٹس کے ذریعے منشیات فروش اپنے مذموم عزائم کی تکمیل میں مصروف ہیں جس کا والدین کو پتہ تک نہیں چلتا اور بچے نشے کے عادی ہو جاتے ہیں، ایسے عناصر کی کوششوں کوناکام بنایا جائیگا، بچوں کو سکول میں پڑھائی سے پہلے چند منٹ کیلئے انسداد منشیات کا سبق بھی پڑھایا جائیگا، اس کے علاوہ پوسٹر کمپی ٹیشن، کھیلوں اور پینٹنگز کے مقابلوں کے ذریعے بھی بچوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔