لیاری کے حذیفہ نے ایڈونچر سائیکلنگ چیمپین شپ جیت لی

پیر 14 مئی 2018 15:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) کراچی سٹی اولمپکس ایسوسی ایشن چوتھے پیزا ہٹ بیچ گیمز میں سمندر اور ریت میں ایڈونچر سائیکلنگ کے مقابلوں نے دھوم مچادی۔ ساحل پر موجود عوام نے سائیکلسٹوں کو خوب داد دی اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان کی سپرویژن میں ہونے والی یہ ایڈونچر سائیکلنگ چیمپین شپ لیاری کراچی کے حذیفہ نے 6 پوائنٹس کے ساتھ جیت لی ہے۔

حذیفہ نے ایک کلومیٹر زگ زیگ اور ایک کلو میٹر سرکل سائیکل ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور گولڈ میڈل کے حقدار ٹھہرے۔ لیاری کراچی ہی کے الیاس بلوچ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جنہوں نے ایک کلومیٹر زگ زیگ ریس اور پانچ کلومیٹر سپرنٹ سائیکل ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے 4 پوائنٹس حاصل کئے اور سلور میڈل کے حقدار ٹھہرے۔

(جاری ہے)

ملیر کراچی کے ولید بلوچ اور لیاری کراچی کے ظہیر خان تین تین پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے اور براؤنز میڈلز کے حقدار ٹھہرے۔

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر ادریس حیدر خواجہ نے عابد علی ایڈووکیٹ اور کلیم اعوان کی جدت سے بھرپور سمندر میں سائیکل ریس کے آئیڈیا کو سراہتے ہوئے کہاکہ مستقبل میں سائیکلنگ کی تعمیر و ترقی کیلئے یہ ایونٹ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عام سائیکلوں کے ان مقابلوں میں انتہائی کم قیمت سائیکلوں کا استعمال کیا گیا جس سے لمبی ریسوں میں استعمال ہونے والی لاکھوں روپوں کی سائیکلوں کے مقابلے میں اب بیچ سائیکلنگ چیمپین شپ میں سائیکلسٹوں کی تعدا د میں مزید اضافہ ہو جائے گا جس میں عام پاکستانی سائیکلز بھی استعمال ہو سکے گی۔