Live Updates

نوازشریف کا بیان ملک دشمنی پر مبنی ہے‘قومی سلامتی کمیٹی کا بیان مسترد کرنا خوش آئند ہے-سیاسی راہنماﺅں کا ردعمل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 مئی 2018 15:59

نوازشریف کا بیان ملک دشمنی پر مبنی ہے‘قومی سلامتی کمیٹی کا بیان مسترد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 مئی۔2018ء) مسلم لیگ( ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف نے پوری جماعت کو ملک دشمنی کے جرم میں کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صرف مستعفی ہوکرہی اپنی جان چھڑا سکتے ہیں۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل نے متفقہ طور پر نواز شریف کے بیان کو مسترد کیا، قومی سلامتی کمیٹی نے نوازشریف کے بیان کوملک دشمنی قراردیا ہے۔

انہوں نے کا مزید کہ اجلاس میں موجود مسلم لیگ( ن) کے وزیراعظم اور وزراءنے بھی فیصلے کی تائید کی جو خوش آئند ہے۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوازشریف نے بیانات سوچ سمجھ کر دیے وہ پاکستان میں بادشاہت چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بیان کے حوالے سے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اور نوازشریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے خدشات بڑھادیے ہیں، آنے والی حکومت پراقتصادی پابندیاں لگ سکتی ہیں، شہبازشریف مریم نواز کے سامنے بھی نہیں بول سکتے۔شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف کی مودی سے ملاقات کا دفترخارجہ میں کوئی ریکارڈ نہیں، نوازشریف کے بیان کی وجہ سے بہت سے لوگ نون لیگ چھوڑ کر چلے جائیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ خوش آئندہ ہے، میاں نواز شریف کے بیان کی مذمت کرنی ہی چاہیے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس اور اس کے بعد جاری ہونے والے متفقہ اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بھی اگر بیان کو مسترد کرے تو یہ بھی خوش آئند ہوگا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ریاست کےساتھ وفاداری سب سے اہم ہے، ہم سب کی پہلی وفاداری ریاست پاکستان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی جماعت میں بھی سیاسی تنہائی کا شکارہیں،انہوں نے اپنے بیان سے بھارت کو بندوق پکڑا دی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جو کام میر صادق اور میر جعفر نے کیا وہی نوازشریف نے کیا، نون لیگ کے ورکرز بھی نواز شریف کے ساتھ ناراض ہیں۔حکمران جماعت کے اتحادی جمعیت علماءاسلام( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ حساس معاملات پر باتیں نہیں ہونی چاہئیں،کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جن کے اظہار سے ریاست کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے سروسزہسپتال لاہورمیں زیرعلاج وفاقی وزیرِداخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد صحافیوں سے گفتگومیں کہا کہ نوازشریف 3 بار وزیر اعظم رہ چکے ہیں، ان کے بیان کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ انتخابات میں ہم نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا راستہ کھلا رکھا ہے، سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیان کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس بیان کی تحقیقات ہونی چاہیے۔جمعیت علماءاسلام( ف) کے سربراہ نے کہا کہ تحقیق کی جائے کہ نوازشریف کے بیان میں کس حد تک حقیقت ہے، دیکھنا چاہیے کہ نوازشریف کس حد تک ذمے دار ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات