رمضان سے قبل مہنگائی میں اضافہ

اشیاءصرف کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگیں‘سبزیوں‘پھل اور گوشت کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا-وفاقی ادارہ شماریات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 14 مئی 2018 16:10

رمضان سے قبل مہنگائی میں اضافہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 مئی۔2018ء) نئے مالی سال 2017-18ءکے گیارہویں ماہ کے پہلے عشرے میں مہنگائی کی شرح میں 0.31 اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.17فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔پاکستان بیور و شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق11مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، آلو، کیلے، ویجی ٹیبل گھی، دال ماش، دال مسور ، سرخ مرچ ،گڑ، ایل پی جی ،بیف، مٹن، باسمتی چاول، خوردنی تیل، کپڑے، چائے، سمیت 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ٹماٹر، پیاز، لہسن، گندم،آٹا ، انڈے، چینی، دال مونگ، چنے کی دال سمیت نو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل، بجلی کے نرخ، گیس نرخ، نمک، اری چاول، مسٹرڈ آئل، تازہ دودھ ، دھی ،ملک پاﺅڈر، صابن سمیت 29 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

(جاری ہے)

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں 8 ہزار تا12 ہزار آمدنی، 12 ہزار تا18 ہزار آمدنی،18 ہزار تا 35ہزار تک اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.24، 0.28 ،0.33 اور0.36 فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب وزیرمملکت صنعت و پیداوار سردار ارشد خان لغاری نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر ایک ہزار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی ہے، کھانے پینے کی 19اشیاءپر سبسڈی دی گئی ہے،ماہ رمضان میں ایک ارب 73کروڑ روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے، ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری اشیاءفراہم کر رہے ہیں،15رمضان کو قیمتوں کا از سر نو جائزہ لیں گے۔

پیر کو نیوز کانفرنس میں سردار ارشد خان لغاری نے رمضان پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان میں ایک ارب 73کروڑ روپے کی سبسڈی کا اعلان کیا ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر ایک ہزار اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 10فیصد تک کمی کی ہے، آٹا، دالیں، چینی، مصالحہ جات کی قیمتیں کم کی ہیں، دستیاب وسائل کے تحت سبسڈی دے رہے ہیں،کھانے پینے کی 19اشیاءپر سبسڈی دی گئی ہے۔

اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے کہا کہ 15رمضان کو قیمتوں کا از سر نو جائزہ لیں گے، یوٹیلیٹی سٹورز ریلیف دینے کا بہترین ذریعہ ہیں، ارزاں نرخوں پر اشیاءکی فراہمی ہمارا ہدف ہے، ماہ رمضان کے دوران دس ارب کی اشیاءفروخت ہوتی ہیں، پرائیویٹ سیکٹر کو بھی آگے بڑھنا چاہیے، یوٹیلٹی سٹورز پر معیاری اشیاء فراہم کر رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ سبسڈی 3سے 4ارب تک لے جائیں۔