بھارت پرمسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حقیقت پسندانہ سوچ اختیار کرنے پر زور

پیر 14 مئی 2018 16:47

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںجموںو کشمیر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت پرزور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیرسے متعلق اپنی غیر حقیقت پسندا نہ سوچ ترک کرے جس سے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبد اللہ طاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام، حق خود ارادیت کے ذریعے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے اپنے سیاسی مستقبل کا تعین کرنا چاہتے ہیں لیکن بھارت کی غیر حقیت پسندانہ ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نہ صرف کشمیریوں کا مسلمہ حق تسلیم کرنے سے انکاری ہے بلکہ وہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کوکمزور کرنے کیلئے انہیں طاقت کے وحشیانہ استعمال کا نشانہ بھی بنا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک ہونے کے بھارت کے دعوے کو حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے شبیر احمدشاہ سمیت حریت رہنمائوںکو نظربند کررکھا ہے تاہم اسے کشمیری نوجوانوں کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے جو اپنے انداز میںتحریک آزادی کی نمائندگی کرکے ثابت کررہے ہیں کہ کشمیری قوم کو شکست نہیں دی جاسکتی ۔

مولانا طاری نے کہا کہ اب بھارت کو کشمیری نوجوان نسل کا سامنا ہے جو بھارتی گولیاں اپنے سینوں پر لینے کیلئے تیار ہے۔بے شک کشمیری والدین ایک کے بعد ایک اپنے لخت جگروں کو کھو رہے ہیں لیکن کشمیر میںبھارت کوبھی بہت تیزی سے شکست ہو رہی ہے ۔انہوںنے بھارت پرزوردیا کہ وہ اپنی روایتی ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حقیقت پسندانہ سوچ اختیا رکرے ۔