بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کا آغاز

پیر 14 مئی 2018 17:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ضلع غربی راجا طارق چانڈیو کی ہدایت اور قائمقام چیئرمین بلدیہ غربی عزیز اللہ آفریدی اور میونسپل کمشنر اشفاق احمد ملاح کی سربراہی میں بلدیہ غربی کی حدود میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے قائمقام چیئرمین اور میونسپل کمشنر کے ہمراہ اورنگی، سائٹ، بلدیہ اور کیماڑی زون میں صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز اور بلدیاتی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظامیہ بلدیہ غربی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کی فراہمی اور تجاوزات کے خاتمے کے عمل میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قائمقام چیئرمین بلدیہ غربی نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ سڑکوں و شاہراہوں پر موجود تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بلا تفریق کاروائی عمل میں لائی جائے جبکہ کچرے و ملبے کے ڈھیروں کی منتقلی کے کاموں کو بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :