گورکھ ہل سندھ کا مری ہے،

ترقیاتی عمل میں تاخیر مایوس کن ہے،میاں زاہد حسین

پیر 14 مئی 2018 17:06

گورکھ ہل سندھ کا مری ہے،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2018ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا کہ دادو میں چاول کے ویلیو ایڈیشن سیکٹرمیں سرمایہ کاری کے بے تحاشہ مواقع ہیں۔ حکومت اگر سٹوریج، پولیشنگ اور پیکیجنگ کی جدید سہولیات مہیا کرے تو چا ول کی انٹرنیشنل مارکیٹ بشمول یورپ، سعودی عرب، سائوتھ افریقہ و دیگر ممالک کی مہنگی منڈیوں سے زائد منافع حاصل کیا جاسکتا ہے۔

میاں زاہد حسین نے دادو کی بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ دادو ضلع بہترین قدرتی و زرعی وسائل رکھتا ہے ، قدرتی وسائل میں قیمتی پتھر ، گیس اور پٹرول کے ذخائرجبکہ زرعی وسائل میں چاول، دالیں، کپاس، جو سمیت کئی اہم فصلوں پر مشتمل ہیں۔

(جاری ہے)

لائیواسٹاک میں بھی دادو اپناخاص مقام رکھتا ہے، جس سے اس علاقہ کی زرعی شعبہ کو کئی فوائد حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ چمڑہ ، کھالیں، ڈیری پروڈکٹس بھی بڑی مقدار میں حاصل کی جارہی ہیں۔

میاں زاہد حسین نے کہا کہ زرعی اجناس کے لئے ویلیو ایڈیشن سینٹر وقت کی ضرورت ہے، جو نہ صرف شہر کی زرعی پیداوار کے ضیاع کو روکے گا، بلکہ برآمدات میں اضافہ اور بیرون ملک منڈیوں میں اچھے داموںکے ملنے کا ذریعہ بھی بنے گا۔دادو ڈیم جو گزشتہ 4سال سے التوا کا شکار ہے کے فوری قیام کے لئے اقدامات کئے جائیں تاکہ شہر کو درپیش بجلی کی قلت کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل ہوسکیں۔

سی پیک کے ذریعے دادو سے گزرنے والی مین ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی اور سی پیک کے شرقی روٹ سے دادو گوادر اور مانسہرہ اور تھاکوٹ سے منسلک ہوگا، جو دادو کی زراعت ، صنعت اور تجارت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہاکہ دادو شہر میں ٹورازم کے فروغ کے لئے فوری اقدامات ازحد ضروری ہیں۔ گورکھ ہل اسٹیشن بلا شبہ ایک حسین اور پر فضا ٹورسٹ پوائنٹ ہے، جس کی ترقی سندھ میں ٹورازم کی ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

دادو ڈولپمنٹ پراجیکٹ کے تحت SMEDAنے کئی ضروری کورسس ڈیزائن کئے ہیں، جن سے دادو میں صنعت و تجارت کو ہنر مند اور افراد کی فراہمی میں سہولت ہوگی اور شہر ی ہنروفن کے لحاظ سے ترقی کرینگے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ شہر میں موجود یونیورسٹیاںبزنس کمیونٹی کے ساتھ مل کر شہر میں موجود معاشی پوٹینشل کو ایکسپلور کریں اور عوامی نمائندگان دادو چیمبر آف کامرس کی سفارشات کی روشنی میں شہرکی ترقی کے لئے اپنا کرادا ر ادا کریں۔