یمن امارات مابین کشیدگی، یمنی جزیرے پر سعودی فوج تعینات

سعودی فوج جزیرے پر یمنی فورسز کو تربیت اور معاونت فراہم کرے گی

پیر 14 مئی 2018 17:51

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 مئی2018ء) امارات سے کشیدگی کے بعد یمنی جزیرے پر سعودی عرب نے اپنی فوج تعینات کر دی،سعودی فوج جزیرے پر یمنی فورسز کو تربیت اور معاونت فراہم کرے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے یمنی جزیرے سکوترا پر اپنی فوج تعینات کر دی ہے۔ اس جزیرے پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے فوجی تعینات کرنے پر کشیدگی کے تناظر میں یہ سعودی اقدام سامنے آیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی فوج اس جزیرے پر یمنی حکومتی فورسز کو تربیت اور معاونت فراہم کرے گی۔ یہ بات اہم ہے کہ یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف عرب اتحاد میں متحدہ عرب امارات ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاہم حالیہ کچھ عرصے میں اس نے صدر منصور ہادی سے کسی حد تک فاصلہ اختیار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے درمیان تلخیاں دیکھی جا رہی ہیں کیوں کہ ریاض حکومت منصور ہادی کی حامی ہے۔